ایشیاء

عمران خان کی گرفتاری کا اندیشہ

ایف آئی اے نے عمران خان کی پارٹی سے جڑی 5 کمپنیوں کا پتہ چلا ہے جو امریکہ‘ آسٹریلیا‘ کینیڈا‘ برطانیہ اور بلجیم میں کام کررہی ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) میں داخل رپورٹس میں ان کمپنیوں کا تذکرہ نہیں کیا گیا تھا۔

اسلام آباد: ملک کی سب سے بڑی تحقیقاتی ایجنسی سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کو گرفتار کرسکتی ہے کیونکہ انہوں نے ایجنسی میں حاضری نہیں دی ہے اور اس کی نوٹسوں کو نظرانداز کردیا ہے۔ انگریزی روزنامہ دی نیوز کے بموجب فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے جمعہ کے دن عمران خان کو دوسری نوٹس جاری کی۔

 انہیں پہلی نوٹس گزشتہ چہارشنبہ کو ملی تھی لیکن انہوں نے ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے حاضر ہونے سے انکار کردیا تھا۔ اخباری رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران خان کی گرفتاری کا قطعی فیصلہ 3 نوٹسیں جاری ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ معاملہ‘ ممنوعہ فنڈنگ کا ہے۔

ایف آئی اے نے عمران خان کی پارٹی سے جڑی 5 کمپنیوں کا پتہ چلا ہے جو امریکہ‘ آسٹریلیا‘ کینیڈا‘ برطانیہ اور بلجیم میں کام کررہی ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) میں داخل رپورٹس میں ان کمپنیوں کا تذکرہ نہیں کیا گیا تھا۔

عمران خان نے چہارشنبہ کے دن ایف آئی اے سے کہا کہ وہ انہیں بھیجی گئی نوٹس اندرون 2 یوم واپس لے ورنہ وہ قانونی کارروائی کریں گے۔ عمران خان نے لکھا کہ نہ تو میں تمہیں جواب دینے کا پابند ہوں اور نہ ہی مجھ پر تمہیں جانکاری دینے کا کوئی لزوم ہے۔ 2 دن میں نوٹس واپس نہ لی گئی تو میں تمہارے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔

 اخباری رپورٹ میں کہا گیا کہ ایف آئی اے نے عمران خان کے خلاف کافی ثبوت اکٹھا کرلیا ہے۔ تیسری اور قطعی نوٹس امکان غالب ہے کہ آئندہ ہفتہ جاری ہوجائے گی۔ عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن کا ٹکراؤ جاری ہے۔ عمران خان کا الزام ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ ان کی پارٹی سے جانبداری برت رہے ہیں۔

a3w
a3w