انٹرٹینمنٹ

”لائیگر“ منی لانڈرنگ کیس: وجئے دیورکونڈا سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ

مقبول ٹالی ووڈ اداکار وجئے دیورکونڈا‘ اپنی حالیہ فلم ”لائیگر“ کے لیے مالیہ کی فراہمی کے ذرائع کی تحقیقات کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے روبرو پیش ہوئے۔

حیدرآباد: مقبول ٹالی ووڈ اداکار وجئے دیورکونڈا‘ اپنی حالیہ فلم ”لائیگر“ کے لیے مالیہ کی فراہمی کے ذرائع کی تحقیقات کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے روبرو پیش ہوئے۔

اداکار‘ حیدرآباد میں واقع ایجنسی کے علاقائی دفتر میں ای ڈی عہدیداروں کے سامنے پیش ہوئے۔ مرکزی ایجنسی‘ فارین ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کی مبینہ خلاف ورزی کی تحقیقات کررہی ہے۔

ذرائع کے مطابق وجئے دیورکونڈا سے فلم کی فنڈنگ، ان کی آمدنی اور امریکی باکسر مائیک ٹائسن سمیت دیگر اداکاروں کو کی گئی رقمی ادائیگیوں کے ذرائع سے متعلق پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ ای ڈی عہدیدار‘17/ نومبر کو فلم ہدایت کار پوری جگناتھ اور اداکارہ سے فلمساز بننے والی چارمی کور سے پوچھ تاچھ کرچکے ہیں۔

ان سے رواں سال اگست میں ریلیز ہوئی ہندی۔تلگو فلم ”لائیگر“ کے لیے سرمایہ کاری کے ذریعہ کے بارے میں پوچھ تاچھ کی گئی۔ مائیک ٹائسن نے بھی فلم میں مختصر کردار ادا کیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ فلم 125کروڑ کے بجٹ سے تیار کی گئی جس میں وجئے دیورکونڈا اور اننیا پانڈے نے مرکزی رول نبھائے۔ فلم کی شوٹنگ لاس ویگاس میں بھی ہوئی تھی۔

تاہم یہ باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔ کانگریس لیڈر بکا جڈسن کی جانب سے فلم میں مشکوک راستوں سے سرمایہ کاری کی شکایت کے بعد ای ڈی نے اس کی تحقیقات شروع کی۔ بکا جڈسن نے شکایت کی تھی کہ فلم میں سیاستدانوں نے بھی سرمایہ مشغول کیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سرمایہ کاروں کو سیاہ دھن کو سفید دھن میں تبدیل کرنے کا یہ آسان راستہ نظر آیا۔ تحقیقاتی ایجنسی کو شبہ ہے کہ کئی کمپنیوں نے فلمسازوں کے کھاتوں میں رقومات منتقل کیں۔ انہیں رقم منتقل کرنے والوں کی تفصیلات فراہم کرنے کو کہا گیا۔

a3w
a3w