جموں و کشمیر

کشمیر میں لوگوں کو ترنگا خریدنے پرمجبور کیاجارہا ہے: محبوبہ مفتی

محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں وکشمیر اڈمنسٹریشن جس طرح طلباء‘دکانداروں اور ملازمین کو ترنگا لہرانے پیسے دینے کیلئے مجبور کررہا ہے، اس سے ایسا لگتا ہے جیسے کشمیر دشمن کا علاقہ ہے جس پر قبضہ کرنا ہے۔

سری نگر: پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے اتوار کے دن جموں وکشمیر نظم ونسق پر الزام عائد کیاکہ وہ ہرگھرترنگامہم کیلئے لوگوں کو قومی پرچم خریدنے پر ”مجبور“ کررہا ہے۔ انہوں نے زوردے کرکہا کہ حب الوطنی فطری ہوتی ہے‘ اسے تھوپا نہیں جاتا۔

 13اگست تا15اگست شہریوں کو اپنے گھروں پر ترنگالہرانے کیلئے مہم شروع کی گئی ہے۔ محبوبہ مفتی نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیوشیئر کیا جس میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بیج بہارا میونسپلٹی کی گاڑی پر لگے ایک لاؤڈ اسپیکرسے اعلان ہورہا ہے کہ علاقہ کے دکاندار ترنگاخریدنے کیلئے فی کس 20 روپئے جمع کرائیں۔

 محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں وکشمیر اڈمنسٹریشن جس طرح طلباء‘دکانداروں اور ملازمین کو ترنگا لہرانے پیسے دینے کیلئے مجبور کررہا ہے، اس سے ایسا لگتا ہے جیسے کشمیر دشمن کا علاقہ ہے جس پر قبضہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حب الوطنی فطری ہوتی ہے اور اسے مسلط نہیں کیاجاتا۔ بلدیہ کی گاڑی سے کشمیری زبان میں اعلان میں مقامی لوگوں سے کہاگیاکہ ہرگھر ترنگا مہم میں حصہ لینے سے انکار کرنے پر ان کے خلاف کاروائی ہوگی۔