مالیگاؤں دھماکہ کیس، پرگیہ سنگھ کی این آئی اے عدالت میں حاضری
بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے جو 2008 کے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کی ملزمہ ہے‘ پیر کے دن ممبئی میں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں حاضری دی۔ وہ 2 بجے کے آس پاس عدالت پہنچیں۔
ممبئی: بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے جو 2008 کے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کی ملزمہ ہے‘ پیر کے دن ممبئی میں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں حاضری دی۔ وہ 2 بجے کے آس پاس عدالت پہنچیں۔
دیگر ملزمین کی پیشی کے 2 گھنٹے بعد حاضری دیتے ہوئے پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے عدالت کو بتایا کہ مجھے صحت کے مسائل ہیں جس کی وجہ سے میں صبح جلدی اٹھ نہیں سکتی۔
عدالت نے بیان ریکارڈ کرنے کے لئے معاملہ کو 3 اکتوبر تک ملتوی کردیا۔ سرکاری وکیل نے 14 ستمبر کو عدالت کو بتایا تھا کہ بیان ریکارڈ کرنے کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ پیر کے دن صرف 6 ملزمین پرگیہ سنگھ ٹھاکر‘ لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت‘ ریٹائرڈ میجر رمیش اُپادھیائے‘ اجئے راہیرکر‘ سدھاکر چترویدی اور سمیر کلکرنی نے عدالت میں حاضری دی۔
سدھاکر دیویدی عدالت میں موجود نہیں تھا۔ اس کے وکیل نے کہا کہ میرا موکل مذہبی رسومات کی وجہ سے آج نہیں آسکا‘ اسے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے تاہم اس سے انکار کیا اور دیویدی کے خلاف 5 ہزار روپے کا قابل ِ ضمانت وارنٹ جاری کردیا۔
ممبئی سے تقریباً 200 کیلو میٹر دور واقع شمالی مہاراشٹرا کے ٹاؤن مالیگاؤں کی ایک مسجد کے قریب 29 ستمبر 2008 کو موٹرسیکل بم دھماکہ میں 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔