دہلی

منیش سسوڈیا کی قیامگاہ پر سی بی آئی کا دھاوا اچھی کارکردگی کا نتیجہ : اروند کجریوال

کجریوال نے آج کہا کہ دہلی کے منیش سسوڈیا کی قیامگاہ پر سی بی آئی کا دھاوا ان کی اچھی کارکردگی کا نتیجہ ہے جس کی بین الاقوامی سطح پر ستائش ہورہی تھی لیکن مرکز نے تحقیقاتی ایجنسی کو ان کی قیامگاہ پر بھیج دیا۔

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروِند کجریوال نے آج کہا کہ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا کی قیامگاہ پر سی بی آئی کا دھاوا ان کی اچھی کارکردگی کا نتیجہ ہے جس کی بین الاقوامی سطح پر ستائش ہورہی تھی لیکن مرکز نے تحقیقاتی ایجنسی کو ان کی قیامگاہ پر بھیج دیا۔

کجریوال نے کہا کہ ملک میں 75 سال کے دوران جس نے بھی اچھا کام کرنے کی کوشش کی، اسے روکا گیا۔ جس دن امریکہ کے سب سے مشہور اخبار نیویارک ٹائمز نے دہلی کے تعلیمی ماڈل کی ستائش کی اور صفحہ اوّل پر منیش سسوڈیا کی تصویر شائع کی، اسی دن مرکز نے سی بی آئی کو ان کے گھر بھیج دیا۔

ہم سی بی آئی کاخیرمقدم کرتے ہیں اور تحقیقات میں تعاون کریں گے۔ اس سے پہلے بھی تلاشیاں لی گئیں اور دھاوے کیے گئے، لیکن کچھ بھی دستیاب نہیں ہوا۔ ابھی بھی کچھ دستیاب نہیں ہوگا۔

انہوں نے ہندی زبان میں ٹوئٹ کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا‘ دہلی کے تعلیم و صحت کے ماڈل کا ذکر کررہی ہے، لیکن یہ لوگ اسے روکنا چاہتے ہیں، اسی لیے دہلی میں وزیر تعلیم اور وزیر صحت کی قیامگاہوں پر دھاوے کیے جارہے ہیں، انہیں گرفتار کیا جارہا ہے۔

ملک میں 75 سال کے دوران جس نے بھی اچھا کام کرنے کی کوشش کی اسے روکا گیا، اسی لیے ملک ترقی میں پیچھے رہ گیا ہے۔ ہم دہلی کے اچھے کاموں کو روکنے نہیں دیں گے۔ سی بی آئی کو خوش آمدید، ہم مکمل تعاون کریں گے۔