حیدرآباد۔ چکڑپلی کے باوارچی ہوٹل میں جمعرات کو اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب بی آر ایس لیڈر کرشنک کی جانب سے منعقدہ عشائیہ پروگرام میں کانگریس کارکنوں نے مبینہ طور پر خلل ڈال دیا۔ اس دوران دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوگیا، جس کے نتیجہ میں ہوٹل کا فرنیچر بھی نقصان پہنچا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، بی آر ایس لیڈر کرشنک کی جانب سے منعقدہ اس عشائیہ پروگرام میں کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی تصویر بھی شامل تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس کارکنوں نے اس پروگرام پر اعتراض کیا اور بی آر ایس قائدین سے بحث شروع کردی۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ بحث تصادم میں تبدیل ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق، اس واقعہ کے دوران بی آر ایس لیڈر کرشنک کے ساتھ مبینہ طور پر مارپیٹ بھی کی گئی۔ تصادم کے دوران ہوٹل کا فرنیچر بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا۔
واضح رہے کہ راہول گاندھی نے اس سے قبل اسی باورچی ہوٹل کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ عشائیہ کیا اور ان سے بات چیت کی تھی۔ اسی پس منظر میں کرشنک کی جانب سے یہ عشائیہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔
اس واقعہ کی مزید تفصیلات اور پولیس کی کارروائی سے متعلق معلومات کا انتظار ہے۔