تلنگانہحیدرآباد

حیدرآباد میں پنشن یافتگان کیلئے خصوصی مہم، گھر بیٹھے بنے گا لائف سرٹیفکیٹ

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد پنشن یافتگان کو ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ خود تیار کرنے کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ آئندہ کسی کی مدد کے بغیر یہ عمل مکمل کر سکیں۔

حیدرآباد: محکمہ پنشن و پنشن یافتگان کی فلاح و بہبود کی جانب سے حیدرآباد میں یکم نومبر سے 30 نومبر تک ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کے تحت مرکزی حکومت کے پنشن یافتگان کو اسمارٹ فون کے ذریعہ چہرے کی شناخت (Face Authentication) کے ذریعہ ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے میں مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

جمعرات کو محکمہ کے سینئر ڈائرکٹر (آئی ٹی) انیل بنسل نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے مقامی ہیڈ آفس اور انڈیا پوسٹ پیمنٹس بینک (آئی پی پی بی) کے جنرل پوسٹ آفس میں قائم کیمپوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پنشن یافتگان سے ملاقات کی اور ڈیجیٹل خدمات کے استعمال کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔

محکمہ کے عہدیداروں کے علاوہ ایس بی آئی، آئی پی پی بی اور پنشن یافتگان کی ایک تنظیم کے نمائندوں نے کیمپوں میں موجود افراد کو چہرے کی شناخت کے ذریعہ ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ تیار کرنے میں مدد فراہم کی۔

اس کے علاوہ محکمہ ڈاک اور ایس بی آئی کے عہدیداروں نے معمر اور معذور پنشن یافتگان کے گھروں کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ بنانے کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ اس کا طریقہ کار بھی سمجھایا گیا۔

واضح رہے کہ بایومیٹرک آلات کے ذریعہ ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ کی سہولت 2014 میں شروع کی گئی تھی۔ بعد ازاں محکمہ نے الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت (MeitY) اور یو آئی ڈی اے آئی کے تعاون سے آدھار پر مبنی چہرے کی شناخت کی ٹکنالوجی تیار کی۔

سال 2022 سے اب تک ملک بھر میں اس طرح کی چار مہمات منعقد کی جا چکی ہیں۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد پنشن یافتگان کو ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ خود تیار کرنے کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ آئندہ کسی کی مدد کے بغیر یہ عمل مکمل کر سکیں۔ تاہم معمر، بیمار اور معذور پنشن یافتگان کی ضرورت کے مطابق گھر پہنچ کر بھی یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔