بجلی کے بل پر مرکزی حکومت کا نیا منصوبہ، اب کتنی بجلی استعمال کی یہ نہیں بلکہ کب استعمال کی، اس سے طے ہوگا بل!
اگر آپ اپنے گھر میں اے سی، واشنگ مشین، گیزر اور دیگر برقی آلات کسی بھی وقت استعمال کرتے ہیں تو آئندہ آپ کے برقی کے بل پر اس کا اثر پڑ سکتا ہے۔ مرکزی حکومت برقی کے بلوں کیلئے ایک نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے
حیدرآباد: اگر آپ اپنے گھر میں اے سی، واشنگ مشین، گیزر اور دیگر برقی آلات کسی بھی وقت استعمال کرتے ہیں تو آئندہ آپ کے برقی کے بل پر اس کا اثر پڑ سکتا ہے۔ مرکزی حکومت برقی کے بلوں کیلئے ایک نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت برقی کے استعمال کی مقدار کے ساتھ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ اسے کس وقت استعمال کیا گیا ہے یعنی بجلی کے یونٹ برابر ہونے کے باوجود، استعمال کے وقت کے حساب سے کسی کا بل زیادہ اور کسی کا کم آسکتا ہے۔
مرکزی وزارتِ توانائی نے اس سلسلہ میں ’ٹائم آف ڈے‘ (Time of Day) ٹیرف کے مسودہ ضوابط پیش کیے ہیں۔ اس نظام کے تحت برقی کی مانگ زیادہ ہونے کے اوقات میں زیادہ چارج وصول کئے جائیں گے، جبکہ مانگ کم ہونے کے وقت برقی استعمال کرنے والوں کو کم بل ادا کرنا پڑے گا۔
2027 سے نئے نظام کا آغاز
مجوزہ ضوابط کے مطابق یکم اپریل 2027 سے یہ نظام نافذ کرنے کی تجویز ہے۔ ابتدائی مرحلہ میں 10 کلوواٹ سے زیادہ برقی کی ضرورت رکھنے والے صارفین کو یکم اپریل 2028 تک اس نظام کے دائرے میں لایا جائے گا۔ اس کے بعد عام گھریلو صارفین کے لئے یکم اپریل 2029 سے اسے مکمل طور پر نافذ کرنے کی تجویز ہے۔ تاہم کسانوں کو راحت دیتے ہوئے زرعی شعبہ کو اس نظام سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
برقی کے مختلف اوقات کے چارجس ریاستوں کی بجلی کی مانگ، قابلِ تجدید توانائی کی دستیابی اور پاور ایکسچینج کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ ریاستی برقی ریگولیٹری کمیشن طے کریں گے۔
سولر بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے بھی نئی شرط
مجوزہ ضوابط میں سولر توانائی سمیت قابلِ تجدید ذرائع سے خود بجلی پیدا کرنے والے 10 کلوواٹ سے زیادہ صلاحیت کے صارفین کے لیے بیٹری اسٹوریج کی شرط بھی رکھی جاسکتی ہے۔ اس کے تحت انہیں روزانہ پیدا ہونے والی بجلی کا کم از کم 20 فیصد ذخیرہ کرنے کے لیے بیٹریاں لگانی پڑسکتی ہیں۔ اس تجویز پر یکم اپریل 2028 سے عمل درآمد کا امکان ہے۔
نئے بجلی کنکشن کے لیے مقررہ مدت
مرکزی حکومت نے نئے برقی کنکشن جاری کرنے کے لئے بھی الگ الگ مدت مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔ اس کے مطابق:
- میٹروپولیٹن اور میونسپل کارپوریشن علاقوں میں 3 دن کے اندر نیا کنکشن دینا ہوگا۔
- دیگر میونسپل علاقوں میں 7 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
- دیہی علاقوں میں 15 دن کے اندر کنکشن فراہم کرنا ہوگا۔
- پہاڑی علاقوں میں اس کے لیے 30 دن کی مہلت ہوگی۔
تاہم بجلی کی نئی لائنیں بچھانے یا سب اسٹیشن تعمیر کرنے جیسے کام درکار ہونے کی صورت میں 90 دن تک کا وقت لگ سکتا ہے۔
بجلی کے بلوں میں غلطیوں پر بھی لگے گی روک
بجلی کے بلوں میں بے ضابطگیوں اور غلطیوں کو روکنے کے لئے بھی مسودے میں اہم تجاویز شامل کی گئی ہیں۔ اگر کسی صارف کا برقی کا بل گزشتہ چھ ماہ کے اوسط بل سے پانچ گنا زیادہ یا اس کے پانچویں حصہ سے بھی کم آتا ہے تو بلنگ نظام اسے مشتبہ قرار دے گا۔
ایسے معاملات کو متعلقہ حکام کو 30 دن کے اندر حل کرنا ہوگا۔ اس دوران صارفین کو برقی کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے گزشتہ چھ ماہ کے اوسط بل کے مطابق رقم ادا کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ اس طرح بل میں ہونے والی غلطی کی جانچ مکمل ہونے تک صارفین کی برقی منقطع نہیں کی جاسکے گی۔
واضح رہے کہ یہ تمام تجاویز مسودہ ضوابط (نئے اصول) کا حصہ ہیں۔ ان پر عمل درآمد کے لیے حتمی منظوری اور متعلقہ ریاستی سطح کے فیصلے اہم ہوں گے۔