موسیٰ رام باغ برج پر کھدائی کا کام شروع، عہدیداروں کے درمیان تال میل کی کمی پر سوالات
موسیٰ رام باغ برج پر افتتاح کے محض دو ماہ بعد ہی کھدائی کا کام شروع ہونے پر عوامی حلقوں میں حیرت اور ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس کام کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سرکاری محکموں کے درمیان تال میل کی کمی پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
حیدرآباد: موسیٰ رام باغ برج پر افتتاح کے محض دو ماہ بعد ہی کھدائی کا کام شروع ہونے پر عوامی حلقوں میں حیرت اور ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس کام کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سرکاری محکموں کے درمیان تال میل کی کمی پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق بی آر ایس حکومت کے دور میں اُس وقت کے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے موسیٰ رام باغ میں موسیٰ ندی پر ٹریفک کی آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے دونوں سمتوں میں تین، تین لین پر مشتمل چھ لین والے برج کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔
تاہم، تقریباً تین سال کی تاخیر کے بعد موجودہ کانگریس حکومت نے حال ہی میں صرف ایک سمت میں تین لین والے برج کی تعمیر مکمل کرتے ہوئے اس کا افتتاح کیا۔
دریں اثنا، برج کے فٹ پاتھ پر کیبل بچھانے کے لیے کھدائی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں فٹ پاتھ کو کھودتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس پر شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ برج کے افتتاح کے صرف دو ماہ بعد ہی دوبارہ کھدائی کی ضرورت کیوں پیش آئی۔
عوام کا کہنا ہے کہ اگر کیبل بچھانے کا کام ضروری تھا تو اسے برج کی تعمیر کے دوران ہی مکمل کیا جانا چاہیے تھا۔ شہریوں نے متعلقہ محکموں کے درمیان منصوبہ بندی اور تال میل کی کمی پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔
اس واقعہ نے حیدرآباد میں بنیادی انفراسٹرکچر کے کاموں کی منصوبہ بندی اور عمل آوری کے طریقہ کار پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔