وی سی سجنار کا تبادلہ، مہیش بھاگوت حیدرآباد کے نئے پولیس کمشنر
حیدرآباد کے موجودہ پولیس کمشنر وی سی سجنار کو تلنگانہ فائر، ڈیزاسٹر ریسپانس، ایمرجنسی اینڈ سول ڈیفنس کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں اسپیشل پروٹیکشن فورس (ایس پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل کی اضافی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے پولیس محکمہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے 21 سینئر آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلوں اور نئی ذمہ داریوں کے احکامات جاری کیے ہیں۔ چیف سکریٹری سنجے جاجو کی جانب سے 12 نومبر کو جاری کردہ جی او نمبر 1654 کے تحت کئی اہم عہدوں پر نئی تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
حیدرآباد کے موجودہ پولیس کمشنر وی سی سجنار کو تلنگانہ فائر، ڈیزاسٹر ریسپانس، ایمرجنسی اینڈ سول ڈیفنس کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں اسپیشل پروٹیکشن فورس (ایس پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل کی اضافی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔ ان کی جگہ لاء اینڈ آرڈر کے ڈی جی پی مہیش بھگوت کو حیدرآباد کا نیا پولیس کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
چارو سنہا کو اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کا ڈی جی پی مقرر کرتے ہوئے سی آئی ڈی کے ڈائریکٹر جنرل کی اضافی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ جیلوں کے محکمہ کی سربراہ سومیا مشرا کو ویمن سیفٹی، شی ٹیمس اور بھروسہ کا ڈی جی مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں آرگنائزیشن اور لیگل شعبوں کی اضافی ذمہ داریاں بھی دی گئی ہیں۔ سواتی لکرا کو جیلوں کے محکمہ کا نیا ڈی جی مقرر کیا گیا ہے۔
گری ہاؤنڈز اور آکٹوپس کے ڈی جی انیل کمار کو تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) کا منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وائی ناگی ریڈی کو سیول سپلائیز کا کمشنر بنایا گیا ہے۔
وکرم سنگھ مان کو گری ہاؤنڈز اور آکٹوپس کا ڈی جی مقرر کیا گیا ہے۔ اکن سبھروال کو ایڈیشنل ڈی جی پی (لاء اینڈ آرڈر) اور ایم اسٹیفن رویندر کو تلنگانہ ٹریفک مینجمنٹ، روڈ اینڈ ریل سیفٹی بیورو کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔
دیگر تقرریوں میں ایس چندر شیکھر ریڈی کو اے سی بی کا ڈائریکٹر، کارتیکیا کو ملٹی زون ون کا آئی جی اور ڈی جوئیل ڈیوس کو حیدرآباد ٹریفک پولیس کا جوائنٹ کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ ڈی جوئیل ڈیوس کو ٹریفک مینجمنٹ، روڈ اینڈ ریل سیفٹی بیورو کے جوائنٹ ڈائریکٹر کی اضافی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔
فیوچر سٹی کی جوائنٹ پولیس کمشنر جی چندنا دیپتی کو جوگولامبا زون سیون کے ڈی آئی جی کی اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ حکومت کے ان احکامات کے تحت ریاستی پولیس محکمہ کے کئی اہم شعبوں میں عہدیداروں کی ذمہ داریوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔