میری کامیابی میں افراد خاندان کا اہم رول:میرابائی چانو
اولمپک میں سلور میڈل جیتنے والی ویٹ لفٹر میرا بائی چانو نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں ہندوستان کیلئے پہلا گولڈ جیتا۔ انہوں نے ویٹ لفٹنگ میں 49 کلوگرام وزن کے زمرے میں گولڈ میڈل جیتا۔
اولمپک میں سلور میڈل جیتنے والی ویٹ لفٹر میرا بائی چانو نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں ہندوستان کیلئے پہلا گولڈ جیتا۔ انہوں نے ویٹ لفٹنگ میں 49 کلوگرام وزن کے زمرے میں گولڈ میڈل جیتا۔
اس کے علاوہ میرابائی نے کامن ویلتھ گیمز میں بھی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اسنیچ راؤنڈ میں سب سے زیادہ وزن اٹھانے کا ریکارڈ ان کے پاس ہے۔ میرابائی نے اسنیچ راؤنڈ میں سب سے زیادہ 88 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک راؤنڈ میں 113 کلوگرام وزن اٹھایا۔ انہوں نے جملہ 201 کلو وزن اٹھایا۔
میرا بائی چانو کا یہاں تک پہنچنے کا سفر اتنا آسان نہیں تھا۔ جب وہ چھوٹی تھی تو گھر کی مالی حالت خراب ہونے کی وجہ سے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ جنگلوں سے لکڑیوں کے بنڈل لایا کرتی تھی۔ میرابائی میں ایک غیرمعمولی صلاحیت بیدار ہوئی، لکڑی کے بنڈل اٹھاکر اور 11 سال کی عمر میں اس نے مقامی ویٹ لفٹنگ ٹورنامنٹ میں اپنی زندگی کا پہلا تمغہ جیتا۔
میرا بائی چانو کی ماں ٹومبی لیما نے بتایاکہ میرا بائی کی خوراک کیلئے پیسے نہیں تھے۔ اپنی خوراک کا انتظام کرنے کیلئے اس نے گاؤں میں چائے ناشتے کی دکان کھولی۔ ہفتہ کو برمنگھم میں میرا بائی کی جانب سے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ان کی ماں ٹومبی لیما نے بتایاکہ وہ اب دو سال تک اپنی بیٹی کی شادی نہیں کریں گی۔ وہ پیرس اولمپکس میں ملک کیلئے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ہی میرا کی شادی کریں گی۔
ابھی وہ اسے اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے کا خواب پورا کرنے کا موقع دینا چاہتی ہے۔ پیسے کی کمی کی وجہ سے میرابائی ٹرک ڈرائیوروں سے لفٹیں لیکر تربیتی مراکز میں جاتی تھیں۔ میرا بائی اس سے کبھی مایوس نہیں ہوئی۔ ملک کیلئے ایک سے بڑھ کر ایک کارنامے انجام دینے والی میرا بائی چانو نے ٹوکیو اولمپکس 2020 میں 49 کلوگرام وزن کے زمرے کے مقابلے میں سلور میڈل جیت کر 21 سال کا انتظار ختم کردیا۔
21 سال پہلے کرنم ملیشوری نے کانسی کا تمغہ جیت کر ہندوستان کو یہ اعزاز دلایا تھا۔ میرا بائی بچپن سے ہی کھیل کود کی طرف مائل تھیں۔ وہ فلموں اور سیریلز کے بجائے ٹی وی پر کھیل دیکھتی تھی۔ جب وہ 5-6 سال کی تھی تو پانی سے بھری بالٹی لیکر پہاڑوں پر چڑھتی تھی۔
جب میرا 10 سال کی تھی تو وہ اپنی بڑی بہنوں کے ساتھ کھانا پکانے کیلئے جنگل سے لکڑی کے بھاری بنڈل لاتی تھی۔ میرا کی بڑی بہنیں بھی اتنا وزن نہیں اٹھاسکیں۔ میرا نے ملک کی عظیم ویٹ لفٹر کنجو رانی دیوی کو ٹی وی پر ویٹ لفٹنگ کرتے ہوئے دیکھا تھا اور کہا تھاکہ وہ بھی اس کھیل میں جانا چاہتی ہیں۔
میرا کی والدہ جانتی تھیں کہ وہ بھاری وزن اٹھاسکتی ہیں، اس لیے وہ مان گئیں۔ میرا کے والد کو شروع میں یہ پسند نہیں آیا لیکن بعد میں وہ بھی مان گئے۔ میرا بائی کو 2016 کے ریو اولمپکس میں ایک بار بھی صحیح وزن نہ اٹھانے پر نااہل قرار دیا گیاتھا۔ اس ناکامی کے بعد گھر والے ان پر شادی کیلئے دباؤ ڈال رہے تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ اب کھیل بہت ہوگیا، شادی کرکے گھر بساؤ لیکن ملک کیلئے تمغے جیتنے کا جنون رکھنے والی میرا نے صاف انکار کردیا اور کہاکہ جب تک میں اولمپکس میں تمغہ نہیں جیت جاتی تب تک شادی نہیں کروں گی۔ یہ انکشاف خود میرا بائی کے والدین نے کیا۔ ٹوکیو میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد میرا نے اپنی والدہ سے کہاکہ اب ان کا ہدف اگلے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتناہے۔
میرابائی کو 2018 میں کمر کے درد سے نمٹنا پڑا۔ تاہم اس کے بعد اس نے 2019 تھائی لینڈ ورلڈ چمپئن شپ سے واپسی کی اور چوتھے نمبر پر رہی۔ پھر اس نے پہلی بار 200 کلو سے زیادہ وزن اٹھایا۔ چانو کا کہناہے کہ اس وقت حکومت ہند کا بھرپور تعاون حاصل تھا۔ مجھے علاج کیلئے امریکہ بھیج دیاگیا۔
اس کے بعد میں نے نہ صرف واپسی کی بلکہ اپنے کیریر کا سب سے زیادہ وزن اٹھانے میں بھی کامیاب رہی۔ چانو نے 2014 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں 48 کلوگرام کے زمرے میں سلو رمیڈل جیتا تھا اور گولڈ کوسٹ میں منعقدہ 2018 دولت مشترکہ کھیلوں میں عالمی ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
ان کی سب سے بڑی کامیابی امریکہ کے شہرAnaheim میں منعقدہ ورلڈ ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنا تھا۔ چانو نے 24 جولائی 2021 کو اولمپکس میں 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ میں ہندوستان کیلئے پہلا سلور میڈل جیتا تھا۔ انہوں نے اسنیچ میں 87 کلوگرام، کلین اینڈ جرک میں 115 کلوگرام مجموعی طورپر 202 کلوگرام وزن اٹھاکر سلور میڈل حاصل کیاتھا