نپور شرما پر خودکش حملہ کا منصوبہ بنانے والا گرفتار!
اسلامک اسٹیٹ / داعش کے ایک دہشت گرد کو جو ایک وسط ایشیائی ملک سے تعلق رکھتا ہے، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف اہانت آمیز ریمارکس کے لیے ہندوستان کے ایک اعلیٰ قائد پر خودکش حملہ کا منصوبہ بنا رہاتھا، روس میں پکڑ لیا گیا۔
ماسکو: اسلامک اسٹیٹ / داعش کے ایک دہشت گرد کو جو ایک وسط ایشیائی ملک سے تعلق رکھتا ہے، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف اہانت آمیز ریمارکس کے لیے ہندوستان کے ایک اعلیٰ قائد پر خودکش حملہ کا منصوبہ بنا رہاتھا، روس میں پکڑ لیا گیا۔
روس کی انٹلیجنس ایجنسی نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ روس کی فیڈرل سیکوریٹی سرویس (ایف ایس بی) کے بموجب اِس بیرونی شہری کو اسلامک اسٹیٹ کے ایک رِنگ لیڈر نے خودکش بمبار کے طور پر اپریل اور جون 2022ء میں اُس وقت بھرتی کیا جب وہ ترکی میں تھا۔
سرکاری نیوز ایجنسی طاس نے یہ اطلاع دی۔ یہ شخص ہندوستان کے برسراقتدار حلقہ کے ایک اعلیٰ قائد کو خود کو دھماکہ سے اڑاتے ہوئے نشانہ بنانا چاہتاتھا۔
ایف ایس بی نے کہا کہ اس نے داعش کے امیر کے ہاتھ پر بیعت کی تھی، جس کے بعد اسے روس چھوڑنے اور ضروری کاغذات تیار کرکے ہندوستان پرواز کرنے کی ہدایت ملی تھی۔
روسی انٹلیجنس نے اس دہشت گرد کا نام نہیں بتایا۔ اُس نے مانا ہے کہ وہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کے خلاف ہندوستان کی برسراقتدار جماعت کے ایک اہم قائد پر حملہ کا منصوبہ رکھتا تھا۔