ایشیاء

عمران خان کو ضمانت قبل از گرفتاری منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کے برطرف وزیر اعظم عمران خان کو اُن کے خلاف درج دہشت گردی کیس میں جمعرات تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی۔

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کے برطرف وزیر اعظم عمران خان کو اُن کے خلاف درج دہشت گردی کیس میں جمعرات تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی۔

عمران خان نے پیر کے دن اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیاتھا۔ اُن کے خلاف انسدادِ دہشت گردی قانون کے تحت ایک دن قبل کیس درج ہوا تھا۔

اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے ہفتہ کے دن اسلام آباد ریالی میں پولیس، عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں کو دھمکایا تھا۔

اُن کے وکلاء بابر اعوان اور فیصل چودھری کی طرف سے داخل درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان بے باک تنقید اور کرپشن و بدعنوان سیاستدانوں کے خلاف انتہائی جرأتمندانہ موقف کے لیے برسراقتدار پی ڈی ایم کے نشانہ پر ہیں۔

موجودہ حکومت کی ایماء پر اسلام آباد پولیس نے ان کے خلاف جھوٹی شکایت درج کی ہے۔ حکومت نے جھوٹے الزامات میں عمران خان کو گرفتار کرنے تمام حدیں پار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔