کھیل

ویراٹ کوہلی کی سنچری، پاکستانیوں کھلاڑیوں نے جم کر تعریف کی

پاکستان کے تیزگیندبازحسن علی اور محمد عامر نے ٹویٹر پر کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی اور بین الاقوامی کرکٹ میں 71ویں سنچری پر مبارکباد دی۔ حسن نے ٹویٹ کیا کہ عظیم کرکٹر وراٹ کوہلی ایک بار پھر سے لوٹ آئے ہیں۔

دبئی: ایشیا کپ کے سپر-4 میچ میں وراٹ کوہلی کے 1020 روز کے بعد سنچری بنانے پر نہ صرف ہندوستانی شائقین نے بلکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی ان کی جم کر تعریف کی ہے ۔

پاکستان کے تیزگیندبازحسن علی اور محمد عامر نے ٹویٹر پر کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی اور بین الاقوامی کرکٹ میں 71ویں سنچری پر مبارکباد دی۔ حسن نے ٹویٹ کیا کہ عظیم کرکٹر وراٹ کوہلی ایک بار پھر سے لوٹ آئے ہیں۔

عامر نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ،بالآخر انتظار ختم ہوا۔ کنگ کوہلی کی شاندار سنچری۔ کوہلی اس سنچری سے پہلے 1020 دنوں کے وقفے کے بعد خراب فارم سے لڑ رہے تھے اور کچھ کرکٹ ماہرین نے ہندوستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں ان کی جگہ پر سوال اٹھانا شروع کر کردیا تھا۔

پاکستان کے سابق وکٹ کیپر اور بلے باز کامران اکمل نے ٹویٹ کیا، “فارم عارضی ہے، کلاس مستقل ہے۔ کوہلی کو کھیلتے دیکھنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔ آپ لاجواب ہیں، آپ کرکٹ کے حقیقی بادشاہ ہو۔”

پاکستان کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کوہلی کو دنیا کا بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘دنیا کا بہترین کھلاڑی دوبارہ اپنی فارم میں آ گیا ہے، وراٹ کوہلی اب تک کے بہترین کھلاڑی ہیں’۔ کوہلی نے جمعرات کو اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری کا سہرا بیوی انوشکا شرما اور بیٹی وامیکا کے سرباندھا۔

کوہلی کی یہ سنچری خاص تھی کیونکہ یہ تین سال کے وقفے کے بعد ان کے بلے سے آئی ہے۔ کوہلی نے 12 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 122 رن بنائے ۔کوہلی کی یہ 71ویں بین الاقوامی سنچری ہے جس نے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کے ریکارڈ کی برابری کی۔ تاہم سابق کپتان نے پونٹنگ سے کم اننگز کھیل کر یہ سنگ میل حاصل کیا۔ اب کوہلی سنچریوں کے معاملے میں صرف ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر (100) سے پیچھے ہیں۔