کانگریس کے انتخابی حکمت عملی ساز مفرور ملزم سنیل کو پولیس کی نوٹس
حیدرآباد پولیس نے کانگریس پارٹی کے انتخابات کے حکمت ساز سنیل کنو گولو کو نوٹس جاری کی ہے جن پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ان کی دختر، کے کویتا اور دیگر کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرنے کا الزام ہے۔
حیدرآباد: حیدرآباد پولیس نے کانگریس پارٹی کے انتخابات کے حکمت ساز سنیل کنو گولو کو نوٹس جاری کی ہے جن پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ان کی دختر، کے کویتا اور دیگر کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرنے کا الزام ہے۔
سائبر کرائم پولیس نے کریمنل پروسیجر کو ڈکے سیکشن41A کے تحت سنیل کونوٹس جاری کی ہے اور انہیں ان کے خلاف درج کیس کے سلسلہ میں پولیس کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
شہر کے مادھا پور میں کانگریس وارروم پر پولیس کا دھاوا اور اس ضمن میں تین افراد کو گرفتار کرنے کے ایک دن بعد یہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کی اس کاروائی پر اپوزیشن نے شدید ردعمل کااظہار کیا اور پولیس کے اقدام کو جمہوریت پر دھاوا سے تعبیر کیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ملزم نے سوشل میڈیا پر ”تلنگانہ گلم اور اپنا ہستم“ کے نام سے توہین آمیز پوسٹ کئے تھے۔نمائندہ منصف کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کی دختر کے کویتا کے خلاف آہانت آمیز پوسٹ کرنے کے الزام میں پولیس کی جانب سے کانگریس کے سیاسی حکمت عملی ساز سنیل کنوگولو کو اصل مجرم قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
منگل کے روز کانگریس وار روم سے حراست میں لے گئے تین افراد کے اقبالی بیان کی بنیاد پر پولیس کی جانب سے سنیل کنوگولو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس وکرم سنگھ مان نے بتایا کہ سنیل کنوگولو لاپتہ ہیں۔ کانگریس کے احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس نے قانون کے مطابق کام کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پولیس کو معلوم نہیں تھا کہ یہ کانگریس کا سوشل میڈیا آفس ہے۔
وکرم سنگھ نے کہا کہ اُس مقام پر کانگریس کا دفتر ہونے کے متعلق کوئی بورڈ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ مائنڈ اسپیس یونائیڈ بلڈنگ مادھا پور کی عمارت سے سنیل کنوگولو خفیہ طور پر کام کررہے تھے اور توہین آمیز تبصرہ کے خلاف داخل کی گئی شکایت پر کاروائی کے دوران سائبر کرائم ٹولس کو استعمال کرتے ہوئے اس جگہ کا پتہ لگایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی کاروائی کے دوران مونڈا سری پرتاپ کے ششانک اور ایشانت شرما کو حراست میں لیا گیا اور تینوں نے اعتراف کرلیا کہ وہ سنیل کیلئے کام کررہے ہیں۔ تینوں کو سی پی سی کے سکشن 41کے تحت نوٹس جاری کی گئی ہے۔
ملزمین کے خلاف سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں پانچ اور دیگر پولیس اسٹیشن میں چار مقدمہ درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی تنقید درست ہے مگر شخصی تنقیدوں اور خواتین کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور اگر کوئی تنقید کرنا چاہتا ہے تو اتنی ہمت تو دکھانا چاہئے کہ وہ اپنی شناخت کو مخفی نہ رکھے۔