شمالی بھارت

کلکتہ میڈیکل کالج طلباء کی غیرمعینہ بھوک ہڑتال تیسرے دن میں داخل

جاریہ ماہ اسٹوڈنٹس کونسل انتخابات فوری منعقد کرنے کے مطالبہ پر کلکتہ میڈیکل کالج (سی ایم سی) کے پانچ طلباء کی غیرمعینہ مدتی بھوک ہڑتال آج تیسرے دن میں داخل ہوگئی۔

کولکتہ: جاریہ ماہ اسٹوڈنٹس کونسل انتخابات فوری منعقد کرنے کے مطالبہ پر کلکتہ میڈیکل کالج (سی ایم سی) کے پانچ طلباء کی غیرمعینہ مدتی بھوک ہڑتال آج تیسرے دن میں داخل ہوگئی۔

سی ایم سی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ دو بھوک ہڑتالی طلباء جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب بیمار ہوگئے، لیکن اب ان کی حالت مستحکم ہے۔

سی ایم سی کے ایک سینئر ڈاکٹر جو احتجاجی طلباء کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ انھوں نے احتجاجی طلباء ”جو ہمارے ہی بچے ہیں“ سے درخواست کی ہے کہ بھوک ہڑتال ختم کرکے حکام کے ساتھ بات چیت کریں

تاہم احتجاجیوں نے مطالبہ کیا کہ پرنسپال تحریری تیقن دیں کہ یونین کے انتخابات 23 دسمبر کو منعقد کیے جائیں گے اور فوری اس تعلق سے کارروائی شروع کریں، ورنہ بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔

بھوک ہڑتال کا آغاز منگل کی صبح سے کیا گیا۔ ایک احتجاجی طالب ِ علم رجیب رائے نے کہا کہ گزشتہ 3 سال سے سی ایم سی میں طلباء یونین کے انتخابات منعقد نہیں کیے گئے۔ اس نے مزید کہا کہ چوں کہ حکام انتخابات کے انعقاد کی کارروائی شروع نہیں کیے ہیں اسی لیے ہمارا جب ختم ہورہا ہے۔