آتشزدگی سے تباہ تمام عمارتیں غیر قانونی تھیں:کشن ریڈی
مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے آج کہاکہ ریاست کے صدرمقام حیدرآبادمیں جتنی عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات پیش آئے ہیں‘یہ تمام عمارتیں غیرقانونی طورپرتعمیر کی گئی تھیں۔
حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے آج کہاکہ ریاست کے صدرمقام حیدرآبادمیں جتنی عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات پیش آئے ہیں‘یہ تمام عمارتیں غیرقانونی طورپرتعمیر کی گئی تھیں۔
سکندرآبادکے رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں جمعرات کے روزدکن نائٹ ویراسٹورعمارت میں مہیب آتشزدگی واقعہ کے بعداس تباہ شدہ عمارت کے معائنہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔
ریڈی نے حکومت پرالزام عائد کیا کہ آمدنی کے لئے حکومت شہرمیں تمام غیر قانونی تعمیرات کو باقاعدہ بنارہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تباہ کمرشیل کامپلکس کے قرب وجوار کے مکینوں کی راحت کاری کے لئے آگے آئے اور انہیں معاوضہ ادا کرے کیونکہ اس مہیب آتشزدگی میں ان کے مال واسباب بھی جل گئے۔
انہوں نے یاددلایا کہ ماضی میں پیش آئے آتشزدگی واقعات میں چند افراد اپنی جانوں سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کی گنجان آبادی کے علاقوں میں گودامس اوروئیرہاوز قائم کئے جاچکے ہیں۔
حکومت کوچاہئے ان گوداموں کاپتہ چلانے اور انہیں شہر سے باہر منتقل کرنے کے لئے سروے کرائے۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ عمارتوں کے اطراف کی کالونیوں میں مقیم افراد کو پارٹی کی جانب سے غذائی اشیاء فراہم کی جائیں گی۔