سرکاری اسکولوں میں دہلی ماڈل ایجوکیشن متعارف کرانے کافیصلہ:سبیتا اندرا ریڈی
سبیتا اندراریڈی نے کہاکہ جاری تعلیمی سال کے دوران ہر ضلع سے ایک اسکول کا انتخاب کرتے ہوئے چھٹویں اور ساتویں جماعت کے طلباء کیلئے دہلی ماڈل آف ایجوکیشن پرعمل کیا جائے گا۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتااندرا ریڈی نے کہاکہ چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ کی ہدایات کے مطابق ریاستی حکومت نے تلنگانہ کے سرکاری اسکولس میں دہلی ماڈل آف ایجوکیشن متعارف کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
آج دہلی ماڈل آف ایجوکیشن کوتلنگانہ کے سرکاری اسکولس میں شروع کرنے کیلئے وزیر تعلیم نے عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس طلب کیاتاکہ لائحہ عمل تیار کیاجاسکے۔
انہوں نے کہاکہ جاری تعلیمی سال کے دوران ہر ضلع سے ایک اسکول کا انتخاب کرتے ہوئے چھٹویں اور ساتویں جماعت کے طلباء کیلئے دہلی ماڈل آف ایجوکیشن پرعمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کا مقصد طلباء میں سماجی طورپرحساسیت کو فروغ دیناہے۔
منتخب کردہ اسکول کے دو اساتذہ کا انتخاب کرتے ہوئے انہیں دہلی ماڈل آف ایجوکیشن کے متعلق ماہرانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے دورہ دہلی کے دوران سرکاری اسکولوں کے معائنہ کے بعد یہاں کے ماڈل کوتلنگانہ کے سرکاری اسکولوں میں متعارف کرانے کا عندیہ دیاتھا۔