ادھو ٹھاکرے صدر کے عہدہ کیلئے این ڈی اے امیدوار مرمو کی حمایت کریں گے
ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ قبائلی علاقے کے شیوسینکوں نے ہم سے درخواست کی تھی کہ اگر میں صدر بننے کے لیے کسی قبائلی کی حمایت کرتا ہوں تو انہیں خوشی ہوگی۔ ان کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ہماری پارٹی دروپدی مرمو کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔
ممبئی: شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے نے منگل کو ایک اہم سیاسی فیصلے میں صدر کے عہدے کے لیے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی امیدوار دروپدی مرمو کی حمایت کا اعلان کیا۔ ٹھاکرے نے یہاں شیوسینا بھون میں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔
اس کے لیے پارٹی ممبران پارلیمنٹ کی طرف سے ان پر دباؤ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں واضح طور پر کہہ رہا ہوں کہ پیر کو ممبران پارلیمنٹ کی میٹنگ میں کوئی دباؤ نہیں ڈالاگیا، یہ میرا فیصلہ ہے۔
قبائلی علاقے کے شیوسینکوں نے ہم سے درخواست کی تھی کہ اگر میں صدر بننے کے لیے کسی قبائلی کی حمایت کرتا ہوں تو انہیں خوشی ہوگی۔ ان کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ہماری پارٹی دروپدی مرمو کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔
سابق صدر پرتیبھا پاٹل کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، "جب پرتیبھا پاٹل کو صدر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا تھا، شیوسینا نے ان کی حمایت کی تھی۔ قبل ازیں کل، ٹھاکرے نے اپنی رہائش گاہ ماتوشری پر پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگ کی جس میں 19 ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
میٹنگ کے بعد میڈیا میں یہ خبریں آئیں کہ کم از کم 12 ممبران پارلیمنٹ نے پارٹی قیادت کو صدارتی انتخاب میں این ڈی اے امیدوار دروپدی مرمو کی حمایت کرنے کی سختی سے سفارش کی ہے۔
ان رپورٹوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شیو سینا کے کچھ ممبران پارلیمنٹ نے مسٹر ٹھاکرے کو یہ باور کرانے کی کوشش کی تھی کہ اس طرح کے فیصلے سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ دوبارہ منسلک ہونے کے امکانات کھل سکتے ہیں۔