دہلی

اروندکجریوال کی گرفتاری کے خلاف کئی ریاستوں میں احتجاج

دہلی کے کابینی وزراء آتشی اورسوربھ بھردواج کو اس وقت گرفتارکرلیاگیاجب انہوں نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے اکسائز پالیسی کیس میں چیف منسٹر اروند کجریوال کی گرفتاری پربی جے پی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ منظم کیا۔

نئی دہلی: دہلی کے کابینی وزراء آتشی اورسوربھ بھردواج کو اس وقت گرفتارکرلیاگیاجب انہوں نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے اکسائز پالیسی کیس میں چیف منسٹر اروند کجریوال کی گرفتاری پربی جے پی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ منظم کیا۔

متعلقہ خبریں
نہ صرف مہاراشٹر بلکہ پورے ملک میں لوگ خوفزدہ ہیں:کجریوال
مودی کو کجریوال کو جیل میں ڈالنے پر معافی مانگنی چاہئے:عام آدمی پارٹی
اروند کجریوال،سرکاری قیامگاہ سے نئے بنگلے میں منتقل
کجریوال چند ہفتوں میں سرکاری بنگلہ خالی کردیں گے
کجریوال کا استعفیٰ خوش آئند، تاخیر سمجھ سے باہر: دیوندر یادو

پولیس بسوں میں دووزراء کو لے جایاگیا۔ عہدیداروں نے آئی ٹی اوانٹرسکشن پر جو عام آدمی پارٹی اوربی جے پی کے دفاتر کے قریب واقع ہے، جمع مظاہرین سے منتشر ہوجانے کے لئے کہاکیونکہ اس علاقہ میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ144کے تحت امتناعی احکام نافذہیں۔

آتشی نے X پراپنے ایک پوسٹ میں کہاکہ آئی ٹی اوپرپرامن احتجاج کرنے پردہلی پولیس نے مجھے حراست میں لے لیاہے۔پہلے ان لوگوں نے چیف منسٹر دہلی کوجھوٹے کیسس میں گرفتار کیااوراب یہ لوگ پرامن احتجاج کرنے والوں کوبھی گرفتارکررہے ہیں۔

اگر یہ جمہوریت کا قتل نہیں ہے تو پھر کیاہے۔ آئی ٹی او پر احتجاج کے دوران عام آدمی پارٹی کے حامیوں نے بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی اور اپنے قائدین کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے پنڈت دین دیال اپادھیائے مال پر رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں جہاں دونوں جماعتوں کے ہیڈ کوارٹرس واقع ہیں اوراس راستہ کوعوام کے لئے مسدود کردیاتھا۔

عام آدمی پارٹی کے ہیڈکوارٹرسے بی جے پی کے دفتر کو آنے والی سڑک کوبھی مسدود کردیاگیاتھا۔ یہ دونوں دفاتر ایک دوسرے سے کچھ ہی فاصلہ پر واقع ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے احتجاج اوراس پر پولیس کے ردعمل کی وجہ سے آئی ٹی اوچوک، راج گھاٹ اوروکاس مارگ پر صبح کے اوقات میں زبردست ٹرافک جام ہوگئی۔ ای ڈی کے دفتر کو جانے والی سڑکوں کوبھی مسدود کردیاگیا۔

جمعرات کی شام کجریوال کی گرفتاری کے بعد عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کے خلاف ملک گیر احتجاج کی اپیل کی تھی۔ایک احتجاجی شکنتلاپانڈے نے کہاکہ ہم اروندکجریوال، منیش سسوڈیا اوردیگر پارٹی قائدین کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ان لوگوں (تحقیقاتی ایجنسیوں) نے سسوڈیاکے خلاف کوئی ثبوت نہیں دیاہے۔

لوک سبھا انتخابات سے عین قبل اروندکجریوال کی گرفتاری سے ظاہر ہوتاہے کہ یہ لوگ چیف منسٹرسے خوفزدہ ہیں۔ اسی دوران تھرواننتاپورم سے موصولہ اطلاع کے مطابق سی پی آئی ایم کی زیرقیادت بایاں محاذ اورکانگریس زیرقیادت یوڈی ایف کے قائدین نے چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال کی گرفتاری کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا۔

سی پی آئی ایم اسٹیٹ سکریٹری ایم وی گووندن نے بی جے پی کے خلاف نعرہ لگاتے ہوئے کنورمیں احتجاج کیا۔ ریاستی دارالحکومت میں یوڈی ایف نے اپنے کنوینر ایم ایم حسن کی زیرقیادت احتجاج کیااورگورنرکیرالا عارف محمد خان کی سرکاری قیامگاہ کی طرف مارچ کیا۔

وی گووندن نے کہاکہ سلاخوں کے پیچھے چیف منسٹر کجریوال سلاخوں کے باہرکجریوال سے زیادہ طاقتور ہوں گے۔ بزرگ کانگریس رکن اسمبلی رمیش چینی تھلانے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی‘ صدرروس ولادیمیرپوٹین کے راستہ پر چل رہے ہیں اوراپوزیشن قائدین کوگرفتارکروارہے ہیں۔ ترواننتاپورم کے کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرورنے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کی تواریخ کے اعلان کے فوری بعد کجریوال کی گرفتاری بوکھلا دینے والی ہے۔

عام آدمی پارٹی کے برہم کارکن پلککڑ میں سڑکوں پر اتر آئے اورکوئمبتورکی قومی شاہراہ پرٹرافک روک دی۔ انہوں نے کوچی میں ای ڈی کے دفترپر احتجاج کیا اورنعرے لگائے۔ ریاستی بی جے پی صدر کے سریندرن نے کہاکہ کیرالامیں سی پی آئی ایم اورکانگریس کی بیان بازی محض منافقت ہے۔ کولکتہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب کجریوال کی گرفتاری کے خلاف آج کولکتہ میں عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی۔

یہ واقعہ وسطی کولکتہ میں مرلیدھرسین لین میں بی جے پی کے ہیڈکوارٹرکے باہرپیش آیا۔ عام آدمی پارٹی کارکنوں نے پلے کارڈس اورپارٹی پرچموں کے ساتھ بی جے پی کے دفتر کے قریب احتجاج کیا۔ عام آدمی پارٹی کارکن جب مرکز کے خلاف نعرے لگارہے تھے تو بی جے پی کارکن جو اندر بیٹھے ہوئے تھے، باہر نکل آئے اورجوابی نعرے بازی شروع کردی۔ کشیدگی میں اضافہ کے ساتھ ہی دونوں فریقوں میں جھڑپ ہوگئی۔

پولیس نے صورتحال پر بروقت قابو پالیا۔سری نگر/جموں سے موصولہ اطلاع کے بموجب کجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مارچ نکالنے کی کوشش پر سری نگر اورجموں میں عام آدمی پارٹی کے کئی قائدین کوحراست میں لے لیاگیا۔

سری نگرمیں بیسیوں عام آدمی پارٹی کارکن پریس انکلیو کے قریب جمع ہوئے اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے کجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔ پارٹی کارکنوں نے جیسے ہی مارچ نکالنے کی کوشش کی پولیس نے انہیں منتشر کردیا اورچند احتجاجیوں کوحراست میں لے لیا۔ عاپ لیڈر نواب ناصر نے کہاکہ کجریوال کی گرفتاری جمہوری اقدارکے خلاف ہے۔