اسرائیل کی فوج نے مغربی کنارہ میں 8فلسطینیوں کوہلاک کردیا
مقبوضہ مغربی کنارہ میں اسرائیلی فورسس کی کاروائی جاری ہے جس کی وجہ بتایاجاتا ہے کہ 24گھنٹوں کے دوران کم ازکم8 فلسطینی ہلاک ہوگئے ہیں۔
جینین پناہ گزیں کیمپ(مغربی کنارہ): مقبوضہ مغربی کنارہ میں اسرائیلی فورسس کی کاروائی جاری ہے جس کی وجہ بتایاجاتا ہے کہ 24گھنٹوں کے دوران کم ازکم8 فلسطینی ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ بات فلسطین کے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے آج یہاں بتائی اور کہا کہ اگرچیکہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے وقفہ کا آج تیسرا دن ہے اس کے باوجود حالات کشیدہ ہیں۔بلڈوزرس چلاکرسڑکوں اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایاجارہا ہے۔
اسرائیل کی فوج کی جانب سے مغربی کنارہ کے علاوہ قرب وجوار کے علاقوں میں کئی سو افراد کوگرفتارکرلیاگیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مغربی کنارہ میں موجود یہودیوں کی جانب سے بھی حملے کئے جارہے ہیں۔ فلسطین کی وزارتِ صحت نے بتایاکہ جینین میں جوکہ مجاہدین کا ایک طاقتورگڑھ سمجھاجاتا ہے 5 فلسطینیوں کو ہلاک کردیاگیا جبکہ علٰحدہ واقعات میں تین دوسروں کی بھی موت ہوگئی۔
علٰحدہ اطلاع کے بموجب فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ہفتے کے روز غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چھ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ان میں سے چار جنین میں، ایک مغربی کنارے کے شمال میں واقع قصبے قباطیہ میں اور ایک فلسطینی جنوبی علاقے البیرہ میں مارا گیا۔وزارت صحت نے ہفتے کی صبح اطلاع دی کہ پچیس سالہ ڈاکٹر شامخ کمال ابو الرب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے قباطیہ قصبے میں شہید ہو گئے۔
وزیر صحت می الکیلا نے بتایا کہ فائرنگ میں ابو الرب کا ایک بھائی زخمی ہوا ہیجنین میں بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ شہرمیں گھسنے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چار فلسطینی مارے گئے۔حال ہی میں اقوام متحدہ کے مطابق مغربی کنارے میں تقریباً 20 سالوں میں سب سے زیادہ پرتشدد اسرائیلی کارروائی کا مشاہدہ کیا گیا جس میں 14 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین نے ’ایایف پی‘ کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے ہفتے کی شام جنین شہر پر ایک فوجی بلڈوزر کے ساتھ دھاوا بول دیا۔ اس کے ماہر نشانچی عمارتوں کی چھتوں اور جینن کیمپ کے مضافات میں تعینات کیے گئے جس کے بعد انہوں نے فلسطینیوں پر حملے کیے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ جنین گورنمنٹ ہسپتال اور ابن سینا ہسپتال کے ارد گرد فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
انہی ذرائع کے مطابق جنین کی فضائی حدود میں ڈرون کو پرواز کرتے دیکھا گیا ہے۔”جنین بریگیڈ” جس میں مختلف فلسطینی دھڑے شامل ہیں نے اعلان کیا کہ اس کے ارکان کیمپ کے آس پاس گھسنے والی اسرائیلی افواج کے ساتھ پرتشدد مسلح جھڑپوں میں مصروف ہیں۔فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے جنین کیمپ پر دھاوا بول کر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر البیرہ میں گولیاں مار کر ایک سولہ سالہ لڑکے کو شہید کر دیا۔وزارت صحت اور ہلال احمر سوسائٹی نے رپورٹ کیا کہ مغربی کنارے کے مختلف مقامات پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 17 فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ مغربی کنارے کے جنوب میں واقع دورا شہر میں فائرنگ سے ایک شہری شدید زخمی ہوگیا۔
قابل ذکر ہے کہ مغربی کنارے میں سات اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔فلسطینی وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق سات اکتوبر سے اب تک مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کی فائرنگ سے 230 سے زائد فلسطینی جاں بحق اور 2950 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔