اسلام کی سربلندی کے لئے علماء کرام، مشائخ عِظام کی متحدہ جدوجہد ضروری: امیر جامعہ نظامیہ مفتی خلیل احمد صاحب
مفکراسلام زین الفقہاء حضرت العلامہ مفتی الحاج خلیل احمد صاحب قبلہ امیر جامعہ و شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے کہا کہ انسان روزی روٹی کسب وغیرہ سے حاصل کرسکتا ہے مگر دین اسلام کی فہم وفراست اور عقیدہ کا تحفظ حصول علم دین سے ممکن ہے جو اولیاء اللہ کی عنایات و دعاوؤں سے حاصل ہوتا ہے۔
حیدرآباد: مفکراسلام زین الفقہاء حضرت العلامہ مفتی الحاج خلیل احمد صاحب قبلہ امیر جامعہ و شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے کہا کہ انسان روزی روٹی کسب وغیرہ سے حاصل کرسکتا ہے مگر دین اسلام کی فہم وفراست اور عقیدہ کا تحفظ حصول علم دین سے ممکن ہے جو اولیاء اللہ کی عنایات و دعاؤں سے حاصل ہوتا ہے۔
اسی لئے حضور پیران پیرؓ جیسی شخصیت نے اسی حصول علم کے لئےحضرت معروف کرخیؓ کے پاس اپنے لئے ایک خاص حجرہ متعین کیا تاکہ آپ سے اکتساب فیض کرسکے۔
ان خیالات کا اظہار مفکر اسلام زین الفقہاء حضرت العلامہ مفتی الحاج محمد خلیل احمد صاحب قبلہ نومنتخبہ امیر جامعہ وشیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ خانقاہ قادریہؒ حضرت پتھر والے صاحبؒ مستعد پورہ حیدرآباد میں اپنے ایک بڑے تہنیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت رہبر شریعت پیر طریقت حضرت علامہ الحاج سید عبدالمہمین قادری لااُبالی سجاد پاشاہ مولوی کامل جامعہ نظامیہ و سجادہ نشین حضرت پتھر والے صاحبؒ نے فرمائی۔
جلسہ کا آغاز ڈاکٹر سید شاہ عبد المؤخر لاابالی قادری الجیلانی ارشاد پاشاہ کی قراءت کلام پاک اور حضرت سید شاہ عبدالمقسط قادری لاابالی الجیلانی مقداد پاشاہ کی نعت شریف سے ہوا- نومنتخبہ امیر جامعہ نظامیہ مفکر اسلام زین الفقہاء حضرت العلامہ مفتی خلیل احمدصاحب قبلہ نے سلسلۂ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ مولانا سید عبدالمہمین پاشاہ کے والد ماجد ھادئ دکنؒ مولانا سید محی الدین قادری ھادی پاشاہؒ لااُبالی الجیلانی میرے قریبی ساتھی تھے۔
بی اُو ایل اور ایم او ایل میں اعلیٰ امتیازی نمبرات حاصل کئے جب میں شیخ الجامعہ بنا تو مولوی عالم فاضل کا امتحان دیا- علم کبھی بوڑھا نہیں ہوتا، شریعت نے یہ قاعدہ بنادیا کہ باپ کے لئے بیٹے کی گواہی قبول نہیں۔ شاگرد کی گواہی استاذ کے لئے اور مرید کی گواہی پیر ومرشد کے لئے قابل قبول نہیں کیونکہ بیٹا ہو یا شاگرد و مرید اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کی بناء گواہی دیتا ہے جو ناقابل قبول ہے۔
میرے ساتھی ھادئی دکنؒ زمانۂ علالت کے وقت اپنے صاحبزادہ کو لے کر جامعہ نظامیہ آئے ایک کتاب کی کتاب الرائے کے لئے تشریف لے آئے تو میں نے کہاکہ آپؒ اپنے صاحبزادہ یا مرید کو روآنہ فرماتے تو کافی تھا فرمانے لگے کہ میں بذاتِ خود آپ سے کہوں تو تقریظ رقم کرنے میں زیادہ سہولت ہوگی اور اس بہانے آپ سے شرف ملاقات وحضور شیخ الاسلام عارف باللہ علامہ حافظ امام محمد انوار اللہ فاروقیؒ فضیلت جنگ کی زیارت ہوجاتی۔ع
لم دین کی اہمیت وافادیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ اکابر اولیاء کرام جن میں قابل ذکر حضرت پیران پیر روشن ضمیرؓ،حضرت بایزید بُسطامی،سید الطائفہ حضرت جنید بغدادیؓ، حضرت معروف کرخیؒ ولئ کامل تھے روحانیت کے درجے پر فائز تھے اتنے بڑے مقام ومرتبہ پر فائز تھے کہ فقہائے کرام بھی حضرت معروف کرخیؒ کے حوالے دیتے ہیں-
شریعت وطریقت کے دونوں علوم ہی سے دین اسلام کی خدمت کرسکتےہیں، جب تک کے علمائے کرام مشائخ عظام دونوں متحدہ جدوجہد وکوشش کرینگے تو دین اسلام کی صحیح آبیاری کرسکتے ہیں،میرے لئے خیر کی دعا فرمائیں جہاں بھی مجھ سے غلطی ہو تو مجھے مطلع فرمائیں تاکہ آخرت کی رسوائیوں سے احقر محفوظ رھ سکے۔
صدر جلسہ حضرت العلامہ ڈاکٹر سیدعبد المہمین قادری سجاد پاشاہ لااُبالی الجیلانی سجادہ نشین بارگاہ حضرت پتھر والے صاحبؒ نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الحمد للہ ہماری تین پیڑھیاں شُہرۂ آفاق جامعہ نظامیہ سے فراغت کی سند فضیلت کا شرف رکھتے ہیں اب چوتھی پیڑی بھی جامعہ نظامیہ سے منسلک ہے-
شہہ نشین پر تقدس مآب حضرت سید شاہ حیدر ولی اللہ قادری سجادہ نشین نیلنگہ شریف،نبیرۂ حضور شیخ الاسلام عارف باللہ حافظ امام محمد انواراللہ فاروقی فضیلت جنگ بہادربانئ جامعہ نظامیہ رضوان اللہ علیہ تقدس مآب حضرت الحاج قاضی شاہ محمد عبدالحق رفیع الدین فاروقی صدر قاضی قندھار شریف مہا راشٹرا،عمدۃ الحکمت حضرت علامہ الحاج سیدشاہ نعمت اللہ قادری بانی مدرسہ انوار العلوم بھوانی نگر،حضرت سید شاہ سلطان محی الدین قادری الموسوی مرتضیٰ پاشاہ جانشین حضرت سید اعظم پاشاہ قادریؒ،پروفیسر مولانا محمد سمیع اللہ خان سابق صدر المصححین دائرۃ المعارف العثمانیہ، حضرت مولانا الحاج محمد سلطان احمد نقشبندی جنرل سیکریٹری کل ہند انجمن طلباء قدیم جامعہ نظامیہ،مفسرقرآن حکیم حضرت علامہ الحاج محمدمحی الدین قادری محمودی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ وخازن انجمن،اسدالعلماء تنویر صحافت مولانا محمدمحسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ وجنرل سیکریٹری کل ہند سنی علماءمشائخ بورڈ،مولانا قاضی محمد امتیاز احمد نقشبندی صدرقاضی حیدرآباد زون،نائب شیخ التفسیر جامعہ حضرت مولانا الحاج مفتی محمد انوار احمد قادری،حضرت مولانا مفتی سید واحد علی قادری نائب مفتی جامعہ نظامیہ،مولانا مفتی الحاج سید احمد غوری نائب شیخ المعقولات،جناب محمد نثار احمد، مولانا حکیم محمد معیز الدین قادری ملتانی سجادہ نشین بارگاہ ملتانیہ شمس آباد،مولانا سید مجتبیٰ قادری برادر سجادہ نشین نیلنگہ شریف،مولانا پروفیسرحامد مخاشن ودیگر موجودتھے-
اس موقعہ پر تہنیتی طرحی مشاعرہ منعقد ہوا جس میں حضرت سید عبدالمتعال قادری لاابالی الجیلانی حماد پاشاہ،حضرت سید عبد المستعان قادری لاابالی الجیلانی منقاد پاشاہ،مولانا حافظ الحاج محمد وجہیہ اللہ سبحانی نقشبندی،جناب محمد نور الدین امیر،جناب سید ماجد خلیل شرفی،جناب قاری انیس احمد انیس،ناظم مشاعرہ جناب اطیب اعجاز کے علاوہ صدر جلسہ نے بھی کلام پیش کیا اور دعا فرمائی۔