اسمبلی ضمنی الیکشن میں بی جے پی کی 4 حلقوں میں جیت
بی جے پی نے اتوار کے دن ہریانہ‘اترپردیش اور بہار میں تین نشستیں جیتیں جبکہ آرجے ڈی نے موکاما اسمبلی نشست برقرار رکھی۔ 6 ریاستوں کے 7 اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کے نتائج کا آج اعلان ہوا۔
نئی دہلی: بی جے پی نے اتوار کے دن ہریانہ‘اترپردیش اور بہار میں تین نشستیں جیتیں جبکہ آرجے ڈی نے موکاما اسمبلی نشست برقرار رکھی۔ 6 ریاستوں کے 7 اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کے نتائج کا آج اعلان ہوا۔
شیوسینا(ادھو بالاصاحب ٹھاکرے) کی امیدوار رتوجالاٹکے نے ممبئی میں اندھیری (ایسٹ) اسمبلی نشست جیتی۔ بی جے پی نے اترپردیش میں گولاگورکھ ناتھ اسمبلی نشست برقرار رکھی۔ اس کے امیدوار امن گیری نے قریبی حریف وسماج وادی پارٹی امیدوار کو34ہزار ووٹوں سے ہرایا۔
گولا گورکھ ناتھ کی اسمبلی نشست 6 ستمبر کو بی جے پی رکن اسمبلی اروندگیری کی موت کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ بی جے پی نے ہریانہ میں آدم پورنشست جیتی۔ اس کے امیدوار بھویا بشنوئی نے اپنے قریبی حریف اور کانگریس امیدوار جئے پرکاش کو تقریباً16ہزار ووٹوں سے ہرایا۔
آدم پور نشست پر 1968ء سے بھجن لال خاندان کا قبضہ ہے۔ بہار میں آرجے ڈی امیداور نیلن دیوی نے مکاما نشست 16ہزار سے زائد ووٹوں سے جیتی۔ بی جے پی نے گوپال گنج کی اسمبلی نشست برقرار رکھی۔ بہار میں بی جے پی سے قطع تعلق کے بعد نتیش کمار کی مہاگٹھ بندھن حکومت کے لئے یہ پہلی انتخابی آزمائش تھی۔
بی جے پی نے حلقہ مکاما سے پہلی مرتبہ الیکشن لڑا۔ سابق میں وہ یہ نشست اپنے حلیفوں کیلئے چھوڑدیاکرتی تھی۔ سات اسمبلی حلقوں میں ضمنی الیکشن 3نومبر کو ہوا تھا۔اوڈیشہ کے دھام نگر سے بی جے پی امیدوار سرونت سورج نے جیت حاصل کی۔
انہوں نے اپنے حریف بی جے ڈی امیدوار ابنٹی داس کو9802 ووٹوں سے ہرایا۔ آئی اے این ایس کے بموجب مکاما میں آرجے ڈی امیدوار نیلم دیوی نے جو باہوبلی قائد اننت سنگھ کی بیوی ہیں بی جے پی کی سونم دیوی کو تقریباً17ہزار ووٹوں سے ہرایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حلقہ کے عوام کی جیت ہے جنہوں نے میری اورمیرے شوہر کی تائید کی۔ ہمیں جیت کا پہلے سے پتہ تھا۔ حلقہ کے عوام اننت سنگھ کے ساتھ ہیں۔
میں سبھی کی شکرگذار ہوں۔ جیت کی توقع میں پارٹی کے حامیوں کی کثیرتعداد پٹنہ میں اننت سنگھ کے سرکاری بنگلہ میں جمع تھی۔ ان کے لڑکے ابھیشک سنگھ نے کہا کہ مکاما میں کوئی مقابلہ ہی نہیں تھا۔ نامزدگی کے دن سے ہی ہمیں جیت کا پورا یقین تھا۔ اب نتیجہ نے اسے ثابت کردیا۔
ہم اپنے بنگلہ میں جمع سبھی افراد کو رس گلہ اور لڈو کھلائیں گے۔مکاما میں ضمنی الیکشن اس لئے ضروری ہواتھا کہ آرجے ڈی رکن اسمبلی اننت سنگھ ایک فوجداری مقدمہ میں خاطی قرارپائے تھے۔ گوپال گنج اسمبلی حلقہ میں بی جے پی امیدوار کسم دیوی نے آرجے ڈی کے موہن پرساد گپتا کو تقریباً2000 ووٹوں سے ہرایا۔ یہ جیت آرجے ڈی اور مہاگٹھ بندھن کیلئے بڑا دھکا ہے۔