شمالی بھارت

اعظم خان کے اسکول کیلئے جعلی دستاویزات کی تیاری، کلرک گرفتار

اترپردیش کے محکمہ تعلیم کے ایک کلرک کو رام پور پبلک اسکول کی مدد کے لئے جعلی دستاویزات تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

رام پور (اترپردیش): اترپردیش کے محکمہ تعلیم کے ایک کلرک کو رام پور پبلک اسکول کی مدد کے لئے جعلی دستاویزات تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

یہ اسکول سماج وادی پارٹی قائد محمد اعظم خان کے جوہر ٹرسٹ کی جانب سے چلایا جاتا ہے۔ بورڈ سے اکریڈیٹیشن حاصل کرنے میں مدد کے لئے جعلی دستاویزات تیار کئے گئے تھے۔

رام پور پولیس کے مطابق کلرک توفیق احمد نے محکمہ تعلیم سے مسلمہ سرٹیفکیٹ کے حصول میں مدد کے لئے جعلی دستاویزات تیار کئے تھے جبکہ یہ اسکول ایک یتیم خانہ کے لئے مختص اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا اور رام پور میونسپل کارپوریشن نے عمارت کی تعمیر کی اجازت نہیں دی تھی۔

احمد نے ایک اور اسکول کو جاری کئے گئے فائر ڈپارٹمنٹ کے این او سی کا بھی بے جا استعمال کیا تھا تاکہ رام پور پبلک اسکول کی درخواست کو منظوری حاصل ہوسکے۔

رام پور کے سپرنٹنڈنٹ پولیس اشوک کمار نے یہ بات بتائی۔ توفیق احمد کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 420‘ 467‘ 468 اور 471 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اس نے ضمانت کی درخواست دی تھی لیکن عدالت نے اسے مسترد کردیا جس کے بعد اسے گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ہے۔