قومی

فاروق عبداللہ کے کشمیر ریمارکس پر علماء کی تنقید

سابق چیف منسٹر جموں وکشمیر فاروق عبداللہ جموں و کشمیر کے تعلق سے قابل اعتراض تبصرہ پر پہلے ہی بی جے پی کی تنقید کا نشانہ بنے ہوئے تھے کہ اتوار کے دن علماء نے بھی ان کے قابل اعتراض ریمارک پر اعتراض جتایا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) سابق چیف منسٹر جموں وکشمیر فاروق عبداللہ جموں و کشمیر کے تعلق سے قابل اعتراض تبصرہ پر پہلے ہی بی جے پی کی تنقید کا نشانہ بنے ہوئے تھے کہ اتوار کے دن علماء نے بھی ان کے قابل اعتراض ریمارک پر اعتراض جتایا۔

نیشنل کانفرنس کے سینئر قائد نے ہفتہ کے دن وادی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک ریالی میں مبینہ موافق پاکستان ریمارکس کئے تھے۔ انہوں نے کشمیر پر مرکز کی خاموشی پر سوال اٹھایا تھا اور دعویٰ کیا تھاکہ پڑوسی ملک اس کا تحفظ کررہا ہے۔

آل انڈیا امام اسوسی ایشن کے صدر مولانا ساجد رشیدی نے آئی اے این ایس سے بات چیت میں فاروق عبداللہ کے ریمارکس کی مذمت کی اور کہا کہ یہ غداری کے مترادف ہے۔ مولانا نے کہا کہ یہ شخص غدار ہے کیونکہ اس نے پاکستان کے حق میں بولا ہے۔

نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا تھا کہ کشمیریوں کے تعلق سے مرکزی حکومت کی نیت ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کی آواز دنیا بھر میں سنانے میں مدد دینے کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی ستائش کی تھی۔

مولانا خالد رشید فرنگی محلی اور مولانا سیف عباس نے بھی فاروق عبداللہ کے بیان سے سخت ناراضگی ظاہر کی۔ دونوں علماء نے کہا کہ نیشنل کانفرنس قائد کے لئے مناسب نہیں کہ وہ جموں وکشمیر کی سیکوریٹی کے تعلق سے کسی دوسرے ملک پر انحصار کریں۔

مولانا خالد رشید محلی نے نیشنل کانفرنس قائد سے مزید وضاحت اور معافی کا مطالبہ کیا۔ قبل ازیں فاروق عبداللہ کے تبصرہ پر کشمیر میں بڑاسیاسی تنازعہ پیدا ہوگیا تھا بی جے پی کے مختلف قائدین نے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔