انڈیانا کے شاپنگ مال میں مسلح شخص کی فائرنگ، 4 افراد ہلاک
امریکہ میں انڈیانا کے گرین ووڈ میں واقع ایک مال میں ہوئی فائرنگ سے ایک بندوق بردار سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔
واشنگٹن: امریکہ میں انڈیانا کے گرین ووڈ میں واقع ایک مال میں ہوئی فائرنگ سے ایک بندوق بردار سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔
گرین ووڈ کے میئر کے حوالے سے نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ حملہ اتوار کو گرین ووڈ کے گرین وڈ پارک مال میں ہوا ہے۔
محکمہ گرین ووڈ پولیس کے سربراہ جم آئیسن نے کہا کہ اس واقعے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں حالانکہ انہوں نے فائرنگ کے واقعے کی وجہ نہیں بتائی اور نہ ہی بندوق بردار کی شناخت ظاہر کی۔میئر مارک مائرز نے کہا ”آج شام گرین ووڈ پارک مال میں فائرنگ ہوئی۔
محکمہ گرین ووڈ پولیس نے صورتحال کو قابو میں کر لیا ہے۔ میں کمانڈ پوسٹ سے براہ راست رابطے میں ہوں اور اب کوئی خطرہ نہیں ہے۔ براہ کرم متاثرین کے لیے دعا کریں“۔پولیس سربراہ جم آئسن نے صحافیوں کو بتایا کہ ‘اس دن کا اصل ہیرو فوڈ کورٹ میں موجود وہ شہری ہے جس کے پاس قانونی طور پر آتشیں اسلحہ تھا اور اس نے فائرنگ شروع ہوتے ہی حملہ آور کو روک دیا’۔
انہوں نے حملہ آور پر فائرنگ کرنے والے مسلح راہگیر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک 22 سالہ شخص تھا۔اخبار کے مطابق حملہ آور اکیلا تھا اور اس کے پاس ایک رائفل اور گولیوں کے کئی میگزین تھے۔پولیس نے ہلاک شدگان، مسلح شخص یا راہگیر کے نام جاری نہیں کیے ہیں، گولی چلنے کی آواز پر دکاندار اور مال کے ملازمین منتشر ہوگئے یا چھپ گئے۔
فائرنگ کا یہ واقعہ امریکی اسکولوں، کام کی جگہوں اور عوامی مقامات پر فائرنگ کے بڑے پیمانے پر خدشات کے درمیان پیش آیا جو کہ باقاعدگی سے سرخیاں بنتے ہیں۔امریکی ایوان کی عدلیہ کمیٹی اس ہفتے مجوزہ قانون سازی کرے گی جو ہتھیاروں پر پابندی لگائے گی، تاہم اس قانون کے سینیٹ سے منظور ہونے کی توقع نہیں ہے۔