تلنگانہ

بھدرا چلم ٹاؤن میں سیلاب کی صورتحال سنگین، فوج طلب

حکومت تلنگانہ نے سیلاب سے شدید طور پر متاثر بھدرا چلم ٹاؤن میں بچاؤ اور راحت کے کاموں میں تعاون کیلئے فوج کی مدد طلب کی ہے۔

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے سیلاب سے شدید طور پر متاثر بھدرا چلم ٹاؤن میں بچاؤ اور راحت کے کاموں میں تعاون کیلئے فوج کی مدد طلب کی ہے۔

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خواہش پر ہندوستانی فوجیوں کا ایک دستہ جس میں 101 جوان اور انفنٹری، میڈیکل پروفیشنلس اور انجینئرس شامل ہیں، بھدرا چلم ٹاؤن کے لئے روانہ ہوگیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ صحافتی اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی۔

چیف منسٹر کی ہدایت پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے فوجی عہدیداروں سے ملاقات کی اور سیلاب سے متاثرہ ٹاؤن بھدرا چلم اور اس کے اطراف علاقوں میں بچاؤ وراحت کے کاموں میں آرمی کے تعاون کی خواہش کی ہے جس101 رکنی فوجی دستہ کو بھدراچلم کیلئے روانہ کردیاگیا ہے۔

صحافتی اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ سیاحت نے 4خصوصی بوٹس معہ عملہ بھدرا چلم کو روانہ کردیا ہے تاکہ بچاؤ و راحت کاری آپریشن میں استعمال کئے جاسکے۔ محکمہ فائر نے بھی210 لائف جیاکٹس اور 7کشتیاں فراہم کی ہیں۔ حکومت نے ریلیف آپریشن کی نگرانی کیلئے سینئر آفیسر کے تقرر کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلہ میں ایم ڈی سنگارینی کالریز این سریدھر کو سینئر آفیسر بنایا گیا ہے۔ سنگارینی کالریز میں دستیاب انفراسٹرکچر کو بھدرا چلم روانہ کردیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج بارش اور سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ جانی نقصان کو روکنے کے اقدامات کریں۔ تلنگانہ کے بھدرا چلم ٹاؤن اور اس کے اطراف واکناف علاقوں میں سیلاب کی صورتحال انتہائی سنگین بنی ہوئی ہے۔ گوداوری، خطرہ کے نشان کے اوپر سے بہہ رہی ہے۔ ہر گذرتے گھنٹہ میں گوداوری کی سطح میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔

جس کی وجہ سے ٹمپل ٹاؤن کے کئی علاقوں اور ضلع بھدرا دری کتہ گوڑم کے کئی مواضعات میں پانی داخل ہوگیا ہے اور ان مقامات کا ضلع سے رابطہ ختم ہوچکا ہے۔ جمعہ کے روز 3بجے دن گوداوری کی سطح70 فٹ درج کی گئی ہے۔ 53 فٹ پر ہی تیسرے درجہ کا وارننگ سگنل جاری کردیا گیا۔

ضلع کلکٹر ڈی انودیپ درشٹی نے بتایا کہ پانی کا بہاؤ اور اخراج 23لاکھ کیوزک بتایا جارہا ہے۔اوپری علاقوں سے پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری کی سطح 73فٹ تک بلند ہوسکتی ہے۔ ضلع کلکٹر نے شانتی نگر، راجو پیٹ، انڈسٹریل ایریا، سی آر پی ایف کیمپ، ٹمپل ایریا اور مدیراج اسٹریٹ کے عوام کو ہدایت دی کہ وہ فوری ان علاقوں کا تخلیہ کرتے ہوئے ریلیف کیمپس منتقل ہوجائیں۔

اس علاقہ کے10ہزار افراد کو پہلے ہی ریلیف کیمپوں میں پہنچایا جاچکا ہے۔ آئی اے این ایس کے مطابق چرلہ، دموگوڑم، اشوا پورم، برگم پاڈ، پناپا کا اور منوگور منڈلوں کے 100 مواضعات، پانی سے محصور ہیں اور ان مواضعات کا زمینی رابطہ بدستور منقطع ہے، برقی ٹرانسفارمرس بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ حکام نے احتیاطاً مواضعات کو برقی سربراہی کو مسدود کردی ہے۔

این ڈی آر ایف کی ٹیمیں، پانی سے محصور مقامات پر بچاؤ اور راحت کاموں کو انجام دینے میں مصروف ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریلیف سامان بھدرا چلم روانہ کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر کا نظم کریں۔

بھدرا چلم ٹاؤن کے قریب گوداوری پر واقع برج کو دوسرے روز بھی بند کردیا گیا۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں، بھدرا چلم اور برگم پاڈ کے نشیبی علاقوں سے تقریباً200 سے زائد خاندانوں کا تخلیہ کراچکے ہیں ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے ریلیف کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے سیلاب متاثرین سے بات چیت کی۔ سراپا کامیں واقع آئی ٹی سی پیپر بورڈ فیاکٹری میں پانی داخل ہوگیا جس کے سبب فیاکٹری کو بند کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جمعہ کے روز عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں سے عوام کی منتقلی بچاؤ اور راحت کاری کیلئے این ڈی آر ایف بچاؤ ٹیموں اور ہیلی کاپٹرس کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔

سی ایم او سے جاری ایک صحافتی اعلامیہ میں بتایاگیا ہے کہ چیف منسٹر نے سومیش کمار کو ایک ہیلی کاپٹر روانہ کرنے کے انتظامات کرنے کی خواہش کی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار، جو سیلاب کے متاثر ٹاؤن میں ریلیف کاموں کی نگرانی کررہے ہیں، نے ہیلی کاپٹر روانہ کرنے کی خواہش کی تھی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مزید لائف جیاکٹس کا نظم کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔