شمالی بھارت

بہار میں زہریلی شراب پینے سے 7 افراد فوت

نشہ بند ریاست بہار میں مشتبہ زہریلی شراب کے ایک اورسانحہ میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور دیگر15 بیمار ہوگئے جن میں سے چند بینائی سے محروم ہوگئے۔

چھاپرا(بہار): نشہ بند ریاست بہار میں مشتبہ زہریلی شراب کے ایک اور سانحہ میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور دیگر15 بیمار ہوگئے جن میں سے چند بینائی سے محروم ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سارن راجیش مینا کے مطابق تمام کیس ماکیر پولیس اسٹیشن کے تحت علاقہ کے دیہاتوں سے درج کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ بادی النظر میں ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ان دیہاتیوں نے زہریلی شراب نوشی کی تھی۔

5 افراد کی موت جبکہ یہیں واقع ہوئی 2 افراد کی موت پٹنہ کے میڈیکل کالج و ہاسپٹل میں پیش آئی جہاں انہیں جمعرات کے دن نازک حالت میں منتقل کیاگیاتھا۔ سنگین بیمار افراد میں سے 10 افراد کی بینائی ضائع ہوئی۔

سارن کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش کمار نے بتایا کہ زہریلی شراب کا کاروبار کرنے والے مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے ماکیر‘ مرہورا اور بھیلدی پولیس اسٹیشنوں کے علاقوں میں دھاوے کئے جارہے ہیں۔

گرفتاری کے بعد گرفتار افراد کی تعداد بتاسکیں گے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ ناگ پنچمی تہوار جو اس ہفتہ کے اوائیل میں منایا گیا‘ میں گانجہ جیسی نشہ آور چیزوں کا استعمال ایک روایت ہے۔ چند لوگوں نے زیادہ نشہ کی خاطر الکحل کا استعمال بھی کیا تھا۔