ترقی کیلئے مساعی انجام دینا باشعور سماج کی ذمہ داری: کے سی آر
چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ دور اندیشی، جدوجہد کے بعد کسی بھی ملک کو حاصل آزادی سے باشعور سماج، تحریک حاصل کرتے ہوئے ترقی کے لئے کوشش کرتا ہے۔
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ دور اندیشی، جدوجہد کے بعد کسی بھی ملک کو حاصل آزادی سے باشعور سماج، تحریک حاصل کرتے ہوئے ترقی کے لئے کوشش کرتا ہے۔
مستقبل کی نسلوں کی ضرورتوں کو نظر میں رکھ کر ان کی تکمیل کے خاطر ملک کے قوانین اور نظم ونسق میں اصلاحات اختیار کرتا ہے۔
آج پرگتی بھون میں ملک بھر سے آئے کسان تنظیموں کے قائدین سے مسلسل دوسرے دن ملاقات کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی ضروریات کو نظر میں رکھ کر شفاف حکمرانی کے ذریعہ موزوں فیصلہ لئے جاتے ہیں۔
کے سی آر نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں حکمرانی مکمل طور پر کامیاب نہیں بھی رہ سکتی ہے۔ نقائص، غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے حاصل تجربات کا تجزیہ کرنے کے بعد نئے لائحہ عمل کو اختیار کرنے سے دوسرے اور تیسرے مرحلہ میں 80فیصد کا میابی حاصل ہوسکتی ہے۔ نظم ونسق پٹری پر آجائے گا۔
جس کے ذریعہ ملک کے عوام کی زندگیوں میں قابل قدر تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ ترقی کے مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ماباقی کامیابی بعد کے دور میں آہستہ آہستہ حاصل کرتے ہوئے صدفیصد نتائج حاصل ہوجائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دنیا بھر میں سائنس اور ٹکنالوجی کو زبردست فروغ حاصل ہورہا ہے۔
جس کے ذریعہ نئے نئے ایجادات ہورہے ہیں۔ چند سماجوں کی شبیہ بالکل بدل چکی ہے۔ ٹکنالوجی کے استعمال سے نظم ونسق میں مزید بہتری آئیگی۔ جب تک کرہ ارض پر بنی نوع انسان باقی رہے گا تب تک یہ عمل جاری و ساری رہے گا۔ چیف منسٹر نے آج دوسرے دن کے اجلاس کے دوران شعبہ زراعت، کسانوں کو درپیش مسائل اور ان کا حل، شعبہ آبپاشی کی ترقی، و دیگر موضوعات پر تفصیلی طور پر رہنمائی کی۔