تلنگانہ میں بہت جلد دوسرے پی آر سی کی تشکیل کا امکان
ریاستی حکومت کی جانب سے عنقریب دوسرا پی آر سی تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے۔ پہلے پی آر سی کی میعاد 30جون کو ختم ہوگئی اور یکم جولائی سے نئے پی آر سی پر عمل شروع کرنا ہے۔

حیدرآباد: ریاستی حکومت کی جانب سے عنقریب دوسرا پی آر سی تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے۔ پہلے پی آر سی کی میعاد 30جون کو ختم ہوگئی اور یکم جولائی سے نئے پی آر سی پر عمل شروع کرنا ہے۔
ریاست کے سرکاری ملازمین کو توقع ہے کہ حکومت اسمبلی انتخابات سے قبل دوسرا پی آر سی تشکیل دے گی۔ اطلاع کے مطابق پی آر سی رپورٹ حاصل کرنے میں وقت لگے گا۔
اس لئے امکان ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین اور وظیفہ یاب افراد کیلئے عبوری راحت کا اعلان کرے گی۔
ذرائع کے مطابق چیف منسٹر بہت جلد تلنگانہ این جی اوز قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے پی آر سی کے متعلق اعلان کریں گے۔ اس کے علاوہ موظف اور برسر خدمت ملازمین کے لئے عبوری راحت اور ہیلتھ اسکیم کے متعلق مثبت تیقن دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ عرصہ کے دوران ملازمین اور موظف ملازمین کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ اور وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ سے ملاقاتیں کرتے ہوئے دوسرے پی آر سی کی تشکیل اور ہیلتھ اسکیم پر نمائندگی کی تھی۔