تلنگانہ

تلنگانہ کے بافندوں کیلئے لائف انشورنس اسکیم عنقریب متعارف

حکومت تلنگانہ‘قومی ہینڈلوم ڈے کے موقع پر 7اگست کوریاست کے ہینڈلوم اور پاورلوم بافندوں کے لئے لائف انشورنس اسکیم متعارف کرائے گی۔حکومت کے اس اقدام سے تقریباً80ہزار بافندوں کو فائدہ ہوگا۔

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ‘ قومی ہینڈلوم ڈے کے موقع پر 7اگست کوریاست کے ہینڈلوم اور پاورلوم بافندوں کے لئے لائف انشورنس اسکیم متعارف کرائے گی۔حکومت کے اس اقدام سے تقریباً80ہزار بافندوں کو فائدہ ہوگا۔

اس اسکیم کومتعارف کرانے کا اصل مقصدبافندوں کے افرادخاندان کو مالی تعاون فراہم کرنا ہے۔ ریاستی وزیر آئی ٹی وانڈسٹریز کے تارک راماراؤ نے پیر کے روز یہ بات کہی۔ بیمہ کی مدت کے دوران ہینڈلوم یا پاورلوم کے بافندوں کی موت واقع ہونے پر متوفی کے نامینی کو5لاکھ روپے کی رقم ملے گی۔

یہاں جاری کردہ ریلیز میں یہ بات بتائی گئی۔ اس اسکیم پرعمل آوری کے لئے حکومت نے ایل آئی سی کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔حکومت‘ایل آئی سی کو پریمیم کی رقم ادا کرے گی۔ استفادہ کنندگان کو مزید رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

حکومت نے پریمیم رقم کی ادائیگی کیلئے 50کروڑ روپے مختص کئے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں ایل آئی سی کو 25کروڑ روپے پہلے ہی جاری کئے جاچکے ہیں۔ہینڈلوم اورپاورلوم کے تمام بافندے جن کی عمریں 60سال سے کم ہیں‘اس لائف انشورنس اسکیم کے لئے اپنے نام درج کرانے کے اہل رہیں گے۔

ریاست کے تقریباً 80 ہزار بافندوں کااس اسکیم کے تحت احاطہ کیا جائے گا۔رعیتوبیمہ اسکیم کے طرزپر بافندوں کاانشورنس کیاجائے گا۔18سال سے 59سال عمر کے بافندوں کالائف انشورنس کرایاجائے گا۔

اس اسکیم کو موثر انداز میں نافذکرنے کیلئے ضلع اور ریاست سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔حکومت تلنگانہ 2016-17 سے ہینڈلوم سیکٹر کیلئے سالانہ 1200کروڑ روپے (بی سی یلفیر کے توسط سے)منظور کرتی آرہی ہے۔

سال 2022-23 کے ریاستی بجٹ میں حکومت نے ہینڈلوم سیکٹر کے لئے 55.12 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ سنیتانااسکیم کے تحت بافندوں کولائف انشورنس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔