جشن آزادی کی قومی کمیٹی کے اجلاس میں چندرا بابو نائیڈو مدعو
مرکزنے آندھراپردیش کے سابق چیف منسٹر وتلگودیشم پارٹی کے سربراہ این چندرابابو نائیڈو کوملک کی آزادی کی 75سالہ تقاریب کی قومی کمیٹی کے اجلاس میں مدعو کیا ہے۔
امراوتی: مرکزنے آندھراپردیش کے سابق چیف منسٹر و تلگودیشم پارٹی کے سربراہ این چندرابابو نائیڈو کوملک کی آزادی کی 75سالہ تقاریب کی قومی کمیٹی کے اجلاس میں مدعو کیا ہے۔
ٹی ڈی پی کے سربراہ‘چندرابابونائیڈواجلاس میں شرکت کیلئے 6اگست کو نئی دہلی روانہ ہوں گے۔اس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وزیر اعظم نریندرمودی کریں گے۔
یہ میٹنگ‘ راشٹراپتی بھون کے کلچرل سنٹرمیں منعقد ہوگی۔بتایا جاتاہے کہ اس اجلاس میں آزادی کا امرت مہااتسو کے حصہ کے طورپرمختلف پروگراموں پرغوروخوض ہوگا اور پھران پروگرا موں کو قطعیت دی جائے گی۔
ہندوستان کی آزادی کے 75سالہ جشن کوبڑے پیمانے پر منانے کیلئے مرکزی حکومت نے آزادی کا امرت مہااتسو کی پہل ہے۔ اس دوران ملک کے عوام کی سنہرے تاریخ‘تہذیب وکامیابیوں کواجاگر کیا جائے گا۔
مہااتسو کا گزشتہ سال 12مارچ سے آغاز ہواتھا۔75 ہفتوں طویل اتسو کا اختتام آزادی کے 75 برس کی تکمیل کے موقع پر 15اگست 2023 کوہوگا۔ مرکزی حکومت نے این ڈی اے سے علحدگی اور 2019 میں ریاست کے اقتدارسے محرومی کے بعد پہلی بار چندرا بابونائیڈو کو سرکاری میٹنگ میں دہلی مدعوکیاہے۔
چندرا بابو نائیڈونے 2018 میں این ڈی اے سے علحدگی اختیار کرلی تھی کیونکہ مرکز نے اے پی کو خصوصی موقف دینے سے انکار کردیا تھا۔ بعدازاں چندرابابونائیڈو نے کانگریس سے اتحاد کرتے ہوئے الیکشن لڑاتھا تاہم 2019 میں جگن کی پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاست کے اقتدارپرقبضہ کرلیاتھا۔حالیہ دنوں میں نائیڈونے ایک بار پھر بی جے پی میں شامل ہونے کا اشارہ دیا ہے۔