کھیل

جموں و کشمیر کا نیا ستارہ یدھ ویر سنگھ

کہا جاتا ہے کہ کسی شخص کو کامیاب بنانے کے پیچھے بہت سے لوگوں کا ہاتھ ہوتاہے۔ لکھنو سوپر جائنٹس کے نئے تیز گیند باز یودھویر سنگھ کی بھی ایسی ہی کہانی ہے۔

سرینگر: کہا جاتا ہے کہ کسی شخص کو کامیاب بنانے کے پیچھے بہت سے لوگوں کا ہاتھ ہوتاہے۔ لکھنو سوپر جائنٹس کے نئے تیز گیند باز یودھویر سنگھ کی بھی ایسی ہی کہانی ہے۔

کرکٹر بننے کا راستہ آسان نہیں تھا۔ والد کرکٹر بننے کے خلاف تھے۔ تاہم پانچ بہنوں کے تعاون سے یودھویر کا خواب پورا ہوا۔ آئی پی ایل 2023 کے ڈیبیو میچ میں یودھویر اس طرح چمکے کہ پورا لکھنو ان کا مداح بن گیا۔

پنجاب کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں یودھویر نے اپنی گیند بازی سے ساتھی کھلاڑیوں‘ کپتان اور کوچ کے علاوہ شائقین کی بھی توجہ حاصل کرلی۔ آئی پی ایل میں اپنے ڈیبیو میچ میں یدھویر نے پہلے ہی اوور میں اتھاروا تائیڈے کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین کا راستہ دکھایا۔

اس کے بعد جب یودھویر اپنے اگلے اوور میں واپس لوٹے تو جموں و کشمیر کے نوجوان بولر نے لکھنو میں پربھ سمرن سنگھ کو عمدہ گیند پر کلین بولنگ کرکے ایک اور کامیابی درج کی۔ تین اوور کے اسپیل میں یودھویر نے صرف 19 رنز دیے اور دو بڑے وکٹ حاصل کئے۔

جموں و کشمیر کے ایک عام گھرانے سے تعلق رکھنے والے یودھویر سنگھ کے والد ان کے کرکٹر بننے کے خواب کے خلاف تھے۔ یودھویر اپنی پانچ بہنوں میں اکلوتے بھائی تھے اور یہ ان کی بہنوں نے والد کو راضی کیاکہ وہ یودھویر کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیں۔

سال 2021 میں پہلی بار آئی پی ایل نیلامی میں جب یودھویر سنگھ کو ممبئی انڈینس نے خریدا تو یودھویر کی آنکھیں آنسوؤں سے بھرگئیں۔ تاہم یہ خوشی کے آنسو تھے اور یہ ان کے شاندار کیریر کا آغاز تھا۔ یودھویر کی سب سے بڑی طاقت ان کی رفتار سمجھی جاتی ہے جس کی ایک جھلک انہوں نے پنجاب کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بھی دنیائے کرکٹ کو دکھائی ہے۔

لکھنو سوپر جائنٹس کے کپتان کے ایل راہول نے کہاکہ یودھویر سنگھ چارک ایک ہونہار کرکٹر ہے وہ اپنے کھیل سے بہت محبت رکھتاہے۔ راہول نے کہاکہ یودھویر کو نیٹ کے دوران سخت محنت کرتے دیکھ کر کافی خوشی ہوئی۔ وہ ہروقت اپنے کام پر توجہ مرکوز کئے رہتاہے۔

کے ایل راہول نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ یودھویر آنے والے مقابلوں میں مزید بہتر ثابت ہوں گے۔ لکھنو سوپر جائنٹس کے ہیڈکوچ اور ٹیم انڈیا کے سابق فاسٹ بولر آشیش نہرا بھی یودھویر کی بولنگ سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔

آشیش نہرا نے کہاکہ جموں وکشمیر کے نوجوان فاسٹ بولر کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس کے پاس بہتر رفتار ہے جس سے وہ حریف بلے بازوں کو پریشان کرسکتاہے۔ آشیش نہرا نے کہاکہ یودھویر میں وہ تمام چیزیں موجود ہیں جو کسی بھی نوجوان کھلاڑی کو آگے بڑھنے کیلئے ضروری ہوتی ہیں۔ نہرا نے کہاکہ نوجوان بولر کیلئے آنے والے میاچس اہم ثابت ہوں گے۔