حجاج کرام کی صحت اطمینان بخش، کوئی حادثہ پیش نہیں آیا
سعودی عرب کے حج عہدیداروں کے مطابق حجاج کی صحت اطمینان بخش ہے اوروہ مقدس مقامات پر مناسک حج اداکرنے کے قابل ہیں۔
منیٰ: سعودی عرب کے حج عہدیداروں کے مطابق حجاج کی صحت اطمینان بخش ہے اوروہ مقدس مقامات پر مناسک حج اداکرنے کے قابل ہیں۔
منیٰ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزارت صحت، وزارت داخلہ اوروزارت حج و عمرہ کے ترجمانوں نے صحافیوں کویقین دلایاکہ حج پرسکون انداز میں جاری ہے اورکوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیاہے۔ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹرمحمد العبدالعلی کے مطابق25ہزار ہیلت ورکرس مکہ اور مدینہ میں خدمات فراہم کررہے ہیں۔
انہوں نے مزیدکہاکہ23ہاسپٹلس4654 بستروں کے ساتھ حجاج کے لئے دستیاب ہیں۔ العبد العلی نے کہاکہ ان کے منجملہ 1080 بسترشدید بیمارمریضوں کیلئے مختص کردیئے گئے ہیں اور238بستر لولگنے والے مریضوں کے لئے مختص ہیں۔ ہمارے پاس175 عصری ایمبولنس گاڑیاں بھی ہیں جن کے منجملہ چند عصری صحت خدمات فراہم کرنے کے قابل ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ ہمارے پاس147 طبی مراکزاور16 ایمرجنسی کلینکس بھی ہیں جو جمرات پل پر قائم کئے گئے ہیں۔ کوروناوائرس کیسس کے سامنے آنے پران سے نمٹنے کی تیاریوں کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وباء ابھی تک موجود ہے لیکن اس کا سامنے کرنے ہم طاقتور بن گئے ہیں۔ حجاج کرام کی صحت اطمینان بخش ہے اورکسی کو صحت کا مسئلہ درپیش نہیں ہے۔
عہدیدار چوکسی اختیارکئے ہوئے ہیں اورکوئی کیس سامنے آنے پر مداخلت کیلئے تیارہیں۔ عبدالعلی نے کہاکہ ملک کی صحت خدمات سے ابھی 53ہزارعازمین نے استفادہ کیاہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلونے بتایاکہ حجاج کومنیٰ سے منتقل کرنے کاپہلامرحلہ کامیاب رہا۔ وہ لوگ میدان عرفات جائیں گے اورپھرمزدلفہ میں رات گزاریں گے۔ بعدازاں منیٰ واپس ہوکر رمی جمار کریں گے۔
الشلونے بتایاکہ سیکیوریٹی عہدیداروں نے کئی افراد کوگرفتار کرلیاہے جنہوں نے بغیر پرمٹ کے مکہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ اس کے علاوہ غیر رجسٹرڈعازمین کومکہ منتقل کرنے کی کوشش کرنے والے دیگر افراد کوبھی گرفتار کرلیا گیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ غیرمجاز عازمین کو روکنے مقامات مقدسہ پر سخت سیکیوریٹی کاحصارہے۔
انہوں نے کہاکہ حج کی کامیابی تمام افراد کے تعاون پر منحصر ہے۔وزارت حج و عمرہ کے ترجمان ہشام سعید نے بتایاکہ عہدیدارحجاج کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ اب ہم کسی بھی حج سرویس پروائیڈرکے ساتھ جوخدمات کی فراہمی میں کوتاہی کرے کوئی نرمی نہیں برتیں گے۔