تلنگانہحیدرآباد

حضرت علیؓ کی شہادت کے دن چیف منسٹر کی دعوت افطار پر اعتراض

چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے روایت کے مطابق دی جانے والی دعوت افطار کے لئے مقررہ تاریخ پر شیعہ برادری ناراض ہے۔

حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے روایت کے مطابق دی جانے والی دعوت افطار کے لئے مقررہ تاریخ پر شیعہ برادری ناراض ہے۔

چیف منسٹر کی جانب سے دی جانے والی دعوت افطار کے لئے 12 /اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جس دن 20 رمضان ہے اور یہ دن شیعہ برادری کے نزدیک حضرت سید نا علی ابن ابی طالبؓ کا یوم شہادت ہے۔

اہل سنت کے مطابق حضرت علی ؓ پر 19 /رم ضان المبارک پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کے باعث 20 /رمضان المبارک کو آپؓ کی شہادت ہوئی۔ اسی طرح شیعہ برادری کا ماننا ہے کہ 19 /رمضان کو حضرت علیؓ پر قاتلانہ حملہ میں ضرب لگی تھی جس کے باعث آپؓ کی شہادت 20 /رمضان کو ہوئی۔

شیعہ برادری 19رمضان سے ہی ماتم اور عزاء کے پروگرام میں مشغول رہتے ہیں، اس لئے ان تواریخ میں چیف منسٹر کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کرنا مناسب نہیں ہے۔

سکریٹری شیعہ کمپینئنس مسٹر سید علی جعفری ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہم نے اس خصوص میں چیف منسٹرس آفس اور محکمہ اقلیتی بہبود کو محضر روانہ کرتے ہوئے دعوت افطار کی تاریخ پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس پر غور نہیں کیا جارہا ہے اور 12 /اپریل کی تاریخ کو ہی قطعیت دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 /رمضان کو یہ دعوت افطار رکھی جاتی ہے تو شیعہ برادری اس میں شرکت سے قاصر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دعوت افطار کی تاریخ تبدیل نہ کرنے کی صورت میں شیعہ برادری تقریب کا بائیکاٹ کرے گی۔