حیدرآباد

حیدرآباد میٹرو کے پانچ سال مکمل، پرانا شہر میں بھی جلد چلے گی میٹرو ٹرین

اس کوزندگی کے روزمرہ سفر کا نیاطریقہ بنایاجارہا ہے۔حیدرآبادمیٹروریل لمیٹیڈکے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی کے مطابق جلد ہی میٹرو کو پرانا شہرحیدرآباد سے جوڑنے کا کام حقیقت میں تبدیل ہوجائے گا۔

حیدرآباد: حیدرآباد میٹرو ٹرین کے آج 5 برس مکمل ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے28 نومبر 2017 کو اس کا افتتاح انجام دیا تھا جس کے بعد حیدرآباد میٹرو کی پہلی ٹرین 29نومبر2017کو میاں پور ناگول تک چلائی گئی تھی۔

موجودہ طورپر ہر روزانہ تقریبا چارلاکھ افراد میٹروکی خدمات سے استفادہ کررہے ہیں۔اس کوزندگی کے روزمرہ سفر کا نیاطریقہ بنایاجارہا ہے۔حیدرآبادمیٹروریل لمیٹیڈکے منیجنگ ڈائرکٹراین وی ایس ریڈی کے مطابق جلد ہی میٹرو کو پرانا شہرحیدرآباد سے جوڑنے کا کام حقیقت میں تبدیل ہوجائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کام ابتدائی مراحل میں ہے۔سال 2022-23کے بجٹ میں مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے 2377.35کروڑروپئے الاٹ کئے گئے تھے۔ان میں پرانا شہر تک میٹرو کی توسیع کے لئے 500کروڑروپئے بھی شامل ہے جبکہ 377کروڑروپئے شمس آباد ایرپورٹ تک میٹرو کی توسیع کیلئے الاٹ کئے گئے تھے۔

انہوں نے کہاکہ کئی شہری جو ٹرانسپورٹ کے دیگر ذرائع پر منحصر تھے نے میٹرو خدمات کو اختیار کرلیا ہے۔ہر دن میٹروٹرینیں تقریبا 72کلومیٹر تک چلائی جاتی ہیں اورنئی لائنوں کے اضافہ کے بعد اس میں مزید اضافہ ہوسکے گا۔

این وی ایس ریڈی کے مطابق نوجوانوں کیلئے میٹرو شان بن گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ میٹرو نے مقامی معیشت کو بہتر بنایا ہے۔مختصر سے وقت میں ہی عوام کے ٹرانسپورٹ کے ذریعہ میں تبدیلی آگئی۔انہوں نے کہاکہ میٹروٹرینوں کے کوچس میں اضافہ کا بھی منصوبہ ہے۔ہر کوچ کی قیمت دس کروڑروپئے ہے۔

اس سلسلہ میں فیصلہ کئے جانے کے بعد کوچ کا آرڈردیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ مصروف ترین اوقات میں ہر تین منٹ میں ایک میٹرو ٹرین چلانے کو یقینی بنایاجارہا ہے۔