دہلی

خوردنی تیل کے دام 10-15 دن میں گھٹ جائیں گے

روس‘ یوکرین جنگ اور پام آئیل کی برآمدات پر انڈونیشیا کے امتناع کی وجہ سے دام بڑھے تھے۔ انڈونیشیا نے امتناع برخاست کردیا اور یوکرین سے ذریعہ سڑک سن فلاور آئیل کی سپلائی بھی بڑھ گئی ہے۔

نئی دہلی: مرکز نے لگ بھگ ایک ہفتہ قبل خوردنی تیل اسوسی ایشنوں سے کہا تھا کہ وہ ایم آر پی پر کم ازکم 15 روپے فی لیٹر دام گھٹادیں کیونکہ بین الاقوامی سطح پر قیمتیں گھٹ گئی ہیں۔ مرکز نے اب ان اسوسی ایشنس کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے خوردنی تیل کے داموں پر گہری نظر رکھی ہے۔

 ایک ممتاز اسوسی ایشن نے منگل کے دن کہا کہ دام راتوں رات نہیں گھٹائے جاسکتے۔ اس کے لئے 10 تا 15 دن کا وقت لگتا ہے۔ معتمد محکمہ اغذیہ سدھانشو پانڈے نے پیر کے دن سالوینٹس اینڈایکسٹراکٹرس اسوسی ایشن آف انڈیا (ایس ای اے آئی)‘انڈین ویجیٹبل آئیل پروڈیوسرس اسوسی ایشن (ائی وی پی اے) اور سویابین پراسیسرس اسوسی ایشن آف انڈیا (ایس پی اے آئی) جیسی ممتاز خوردنی تیل اسوسی ایشنس کو یاددہانی کرائی کہ جن لوگوں نے دام نہیں گھٹائے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ فوری گھٹادیں۔

روس‘ یوکرین جنگ اور پام آئیل کی برآمدات پر انڈونیشیا کے امتناع کی وجہ سے دام بڑھے تھے۔ انڈونیشیا نے امتناع برخاست کردیا اور یوکرین سے ذریعہ سڑک سن فلاور آئیل کی سپلائی بھی بڑھ گئی ہے۔

سالوینٹس اینڈ ایکسٹراکٹرس اسوسی ایشن آف انڈیا کے بی وی مہتا نے کہا کہ دام راتوں رات نہیں گھٹ سکتے۔ ہم مارکٹ میں اسٹاک روزانہ نہیں بھیجتے۔جو اسٹاک پہلے سے مارکٹ میں ہے وہ پرانے ریٹ پر ہی بکے گا۔ نئے دام 10 تا 15 دن میں لاگو ہوں گے۔