دریائے گوداوری کی سطح آب میں اضافہ۔ خطرے کی تیسری وارننگ جاری
ضلعی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آبگیر علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے گوداوری میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
حیدرآباد: مسلسل بارش کی وجہ سے بھدراچلم میں دریائے گوداوری کی سطح آب آج شام 53 فٹ تک پہنچ گئی جس کے ساتھ ہی حکام نے خطرے کی تیسری وارننگ جاری کردی ہے۔
ضلعی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آبگیر علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے گوداوری میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
تلنگانہ کے بھدرادری کتہ گوڑم ضلع کلکٹر انودیپ نے خبردار کیا کہ نشیبی علاقوں کے افراد بازآبادکاری مراکز منتقل ہوجائیں۔
واضح رہے کہ ریاست میں شدید بارش کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آج صبح 7 بجے تک سب سے زیادہ 189 ملی میٹر بارش منچریال ضلع کے کولور میں ریکارڈ کی گئی۔
بھدرادری کوتہ گوڑم، مُلگ، جئے شنکربھوپال پلی اضلاع میں 116ملی میٹر سے زائد بارش درج کی گئی۔ جگتیال، پداپلی، ورنگل اور دیگر اضلاع میں بیشتر مقامات پر 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔
گریٹر حیدرآباد میں سب سے زیادہ بارش میلار دیو پلی اور شیورام پلی میں 59 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جی ایچ ایم سی میں کئی مقامات پر 20 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔