دونوں شہروں میں جمعتہ الوداع کا خشوع وخضوع کے ساتھ اہتمام
دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ ”جمعتہ الوداع“ کا خشوع وخضوع کے ساتھا ہتمام کیا گیا۔
حیدرآباد: دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ ”جمعتہ الوداع“ کا خشوع وخضوع کے ساتھا ہتمام کیا گیا۔ جمعتہ الوداع کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی مکہ مسجد میں دیکھا گیا جہاں حافظ وقاری مولانا محمد رضوان قریشی خطیب نے خطبہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کی اور ملک وملت وعالم اسلام میں امن وامان کی برقرار ی، اتحاد ویکجہتی، مسجد اقصیٰ کی باز یابی فلسطین کی آزادی اور مجاہدین کی کامیابی کیلئے دعا کی اور عامتہ المسلمین کو ماہ رمضان کے بعد بھی نمازوں، عبادات واذکار کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھنے کی تلقین کی۔
قبل ازیں مصری قراء نے اپنے مخصوص لحن میں قر اء ت کلام پیش کرتے ہوئے سماع باندھا۔ ان کے انداز قراء ت کو بے حد پسند کیا گا۔ مولانا شبیر نقشبندی بانی قرآنی مہم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر سال مصری قراء ملک بھر میں اپنی خصوصی لحن میں کلام پاک کی تلاوت کرتے ہوئے فرزندان توحید کے دلوں کو کلام الٰہی سے منور کرتے ہیں۔
جمعتہ الوداع کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد کااندرون وبیرونی حصہ مصلیوں سے بھر چکا تھا۔ شدید گرمی کے باوجود فرزندان توحید کی کثیر تعداد نے بیرونی حصہ میں نماز ادا کی۔ ڈسٹرکٹ مائنا ریٹی ویلفیر آفیسر محمد الیاس اور سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد جناب عبدالقدیر صدیقی اور منیجر حافظ وہاج احمد کی نگرانی میں وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے۔
سٹی پولیس کی جانب سے مکہ مسجد، چارمینار، کے اطراف سیکوریٹی کا وسیع تر بندوبست کیا گیا۔ مکہ مسجد جانے والی سڑکوں شاہ علی بنڈہ مغل پورہ، کوٹلہ عالیجاہ، لارڈ بازار و گلزار حوض کے پاس ٹریفک پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے راستہ روک دیا تھا۔
شہر کی دیگر مساجد شاہی مسجد باغ عامہ، جامع مسجد افضل گنج، جامع مسجد ملے پلی، جامع مسجد وزیر علی فتح دروازہ، جامع مسجد صحیفہ اعظم پورہ، جامع مسجد ملک پیٹ، جامع مسجد عنبر پیٹ، جامع مسجد سکندرآباد، جامع مسجد مشیر آباد، جامع مسجد خیریت آباد، جامع مسجد بارکس، جامع مسجد پہاڑی شریف، جامع مسجد بوئن پلی، جامع مسجد قلعہ گولکنڈہ، جامع مسجد فرسٹ لانسر، جامع مسجد ٹولی چوکی، جامع مسجد کاروان، ٹولی مسجد ٹپہ چبوترہ، میں جمعتہ الوداع کے موقع پر وسیع تر اجتماعات منعقد ہوئے۔
جمعہ کے خطبات میں علماء اکرام نے عامتہ المسلمین کو ماہ رمضان کے بعد بھی نمازوں کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھنے کی تلقین کی اور نماز عید سے قبل زکوٰۃ، صدقہ فطر ادا کرنے کی ہدایت دی۔