دو ٹی وی چانلس کے قیام کا منصوبہ‘ ٹی آرایس قیادت کا صحافیوں سے ربط
قومی سطح پرپارٹی کے مقاصد اور منشور کی تشہیرکے لئے دوقومی چانلس قائم کئے جائیں گے۔ دہلی کومرکزبناکر ہندی اور انگلش چانلس شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
حیدرآباد: چیف منسٹرتلنگانہ کے چندرشیکھرراؤ کی جانب سے قومی سیاسی جماعت کے قیام کی بات اب پوری ہونے جارہی ہے۔
ایسے میں اطلاع ہے کہ قومی سطح پرپارٹی کے مقاصد اور منشور کی تشہیرکے لئے دوقومی چانلس قائم کئے جائیں گے۔ دہلی کومرکزبناکر ہندی اور انگلش چانلس شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نئے چانلس کے قیام کے لئے سیٹلائٹ خدمات کے حصول کی اجازت لینے یا پھرپہلے ہی سے کام کررہے سیٹلائٹ ٹی وی چانلس کی خدمات حاصل کرنے کے موضوع پرغوروخوص جاری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ چانلس کے قیام کے لئے ٹی آر ایس قیادت نئی دہلی میں معروف صحافیوں سے مسلسل رابطہ قائم کئے ہوئے ہے۔
بتایا گیاہے کہ دہلی میں تلنگانہ بھون کے تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے بعد ان چانلس کو اس عمارت میں منتقل کردیا جائے گا۔
یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کے سی آر نے ٹی آرایس کوقومی جماعت میں تبدیل کرنے کافیصلہ کرلیا ہے اور وجئے دشمی کواس فیصلہ کا اعلان کیا جائے گا۔