دہلی

دہلی میں کوریائی شخص کو 5 ہزار روپئے جرمانہ، رسید نہ دینے پر پولیس ملازم معطل

ایک ماہ قدیم واقعہ کا ویڈیو بڑے پیمانہ پر گشت کررہا ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس ملازم مہیش چند کوریائی شہری سے کہہ رہا ہے کہ وہ ٹریفک کی مبینہ خلاف ورزی پر 5 ہزار روپئے جرمانہ ادا کرے۔

نئی دہلی: دہلی پولیس نے اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ وہ کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کرتی، آج ٹریفک پولیس کے ایک جوان کو معطل کردیا، جس نے ایک کوریائی شہری پر 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا تھا، لیکن اس کی رسید نہیں دی تھی۔

ایک ماہ قدیم واقعہ کا ویڈیو بڑے پیمانہ پر گشت کررہا ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس ملازم مہیش چند کوریائی شہری سے کہہ رہا ہے کہ وہ ٹریفک کی مبینہ خلاف ورزی پر 5 ہزار روپئے جرمانہ ادا کرے۔

اس شخص نے پولیس ملازم کو 500 روپئے دیئے۔ پولیس ملازم نے وضاحت کی کہ جرمانہ 500 روپئے نہیں بلکہ 5 ہزار روپئے ہے، جس پر کوریائی شخص نے اسے مکمل رقم ادا کردی۔

بعد ازاں دونوں نے مصافحہ کیا اور پولیس ملازم نے اس کا شکریہ ادا کیا۔

دہلی پولیس نے ٹوئٹ کیا کہ سوشل میڈیا پوسٹ کا نوٹ لیتے ہوئے ویڈیو میں نظر آرہے متعلقہ عہدیدار کو معطل کردیا گیا ہے اور اس کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے

۔ دہلی پولیس کرپشن کے تئیں صفر برداشت پالیسی رکھتی ہے۔ معطل پولیس ملازم نے اپنی صفائی میں کہا کہ رسید دینے سے پہلے ہی کوریائی شخص وہاں سے روانہ ہوگیا تھا۔