”راہول گاندھی وزیراعظم بنیں گے:“ لنگایت مٹھ کے سوامی کا بیان
کانگریس لیڈر‘ چتردرگ میں سری موروگاراجندر مٹھ کے سوامیوں سے ملاقات کررہے تھے کہ ان میں سے ایک ہاویری ہوسامٹھ سوامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ”راہول گاندھی وزیراعظم بنیں گے۔

بنگلورو: لنگایت مٹھ کے ایک سوامی نے کہا کہ راہول گاندھی وزیراعظم بنیں گے جس پر مہاسوامی نے مداخلت کرتے ہوئے اس میں آشیرواد لفظ شامل کردیا۔کانگریس لیڈر‘ چتردرگ میں سری موروگاراجندر مٹھ کے سوامیوں سے ملاقات کررہے تھے کہ ان میں سے ایک ہاویری ہوسامٹھ سوامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ”راہول گاندھی وزیراعظم بنیں گے۔
“ بتایا جاتا ہے کہ اس پر مٹھ کے سربراہ سری شیومورتی موروگا شرنارو نے مداخلت کی اور کہا کہ ہمارے مٹھ میں جو بھی آتا ہے، اسے آشیرواد ملتا ہے۔ واضح رہے کہ کرناٹک میں لنگایت طبقہ کی 17فیصد آبادی ہے جو روایتی طور پر بی جے پی کے ووٹر رہے ہیں۔ گاندھی کے اس دورہ سے کانگریس کو اپیل میں توسیع اور پارٹی کے اندر بھی اتحاد ظاہر ہونے کی امید ہے۔
انتخابات اگلے سال مئی میں منعقد ہوں گے۔ 2013 سے 2018ء تک اقتدار میں رہنے کے بعد کانگریس نے 2018ء میں جنتادل سیکولر کے ساتھ مختصر عرصہ کے لیے حکومت قائم کی تھی، جس کے چیف منسٹر جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کماراسوامی تھے۔
تاہم اتحاد کے کئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کے بعد یہ حکومت زائد از ایک سال بعد گرگئی اور بی جے پی ریاست میں دوبارہ برسراقتدار آگئی۔ ابتداء میں بی جے پی نے بی ایس یدی یورپا کو چیف منسٹر بنایا تھا جن کا تعلق لنگایت طبقہ سے ہے۔ گزشتہ سال ان کی جگہ بسواراج بومئی کو وزیراعلیٰ بنایا گیا اور وہ بھی لنگایت ہیں۔