روس میں 10 بچے پیدا کرنے پر 10 لاکھ روبل انعام
روسی حکومت نے آبادی میں کمی کے مسئلے سے نمٹنے اور زیادہ بچے پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے 10 بچے پیدا کرنے والی ماں کو 10 لاکھ روبل یعنی 36 لاکھ روپئے سے زائد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

ماسکو: روسی حکومت نے آبادی میں کمی کے مسئلے سے نمٹنے اور زیادہ بچے پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے 10 بچے پیدا کرنے والی ماں کو 10 لاکھ روبل یعنی 36 لاکھ روپئے سے زائد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکرین پر روسی جارحیت کے بعد روس میں نوجوان آبادی میں کمی کے مسئلے کا سامنا ہے جسے دیکھتے ہوئے روسی حکومت نے“مدر ہیروئن”ایوارڈ (Mother Heroine) کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مدر ہیروئن ایوارڈ کا آغاز پہلی مرتبہ دوسری جنگ عظیم (II World war) کے دوران جوزف اسٹالن نے کیا تھا جب روس کی بڑی آبادی جنگ میں ہلاک ہوگئی تھی تاہم بعد میں اسے بند کردیا گیا تھا۔
اس ایوارڈ کو وہی اہمیت حاصل ہے جو روس میں ہیرو آف رشیا ایوارڈ (Hero of Russia) کی ہے جو روس کے اعلیٰ ترین سرکاری ایوارڈز میں شمار ہوتا ہے۔
اس ایوارڈ کو حاصل کرنے کیلئے صرف بچوں کی تعداد پوری کرنا کافی نہیں ہوگا بلکہ انکی بہترین نگہداشت، تعلیم، جسمانی اور اخلاقی طور پر اچھی تربیت بھی ضروری ہوگی جس کی اسسمنٹ کے بعد یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔