رومی دروازہ کی تزئین نو کا عنقریب آغاز
یوپی کے دارالحکومت لکھنو کا مشہور رومی دروازہ مرمت کے لئے عنقریب بند کردیا جائے گا۔ محکمہ آثارِ قدیمہ(اے ایس آئی) نے اس کی تزئین نو کا منصوبہ تیار کیا ہے لیکن اس پر عمل درآمد اسی وقت ہوگا جب ضلع انتظامیہ رومی دروازہ والی سڑک پر ٹریفک روک دینے کا فیصلہ کرے۔
لکھنو: یوپی کے دارالحکومت لکھنو کا مشہور رومی دروازہ مرمت کے لئے عنقریب بند کردیا جائے گا۔ محکمہ آثارِ قدیمہ(اے ایس آئی) نے اس کی تزئین نو کا منصوبہ تیار کیا ہے لیکن اس پر عمل درآمد اسی وقت ہوگا جب ضلع انتظامیہ رومی دروازہ والی سڑک پر ٹریفک روک دینے کا فیصلہ کرے۔
چیف آرکیالوجسٹ اے ایس آئی لکھنو ریجن ڈاکٹر آفتاب حسین نے کہا کہ رومی دروازہ میں دراڑیں 8 تا 10 سال پرانی ہیں۔ مرمت کا منصوبہ چند ماہ پہلے تیار ہوا اور ستمبر میں اس پر کام شروع ہوجائے گا۔ مرمت کے لئے ضلع انتظامیہ کو کم ازکم 3 ماہ کے لئے ٹریفک کا رخ موڑنا ہوگا۔
بڑا امام باڑہ کی منڈیر کا ایک حصہ گرپڑنے کے حالیہ واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بھاری باکس کی موجودگی کی وجہ سے منڈیر گرپڑی تھی۔ یہاں تار بھی لٹکے رہتے ہیں جن کی وجہ سے پانی منڈیر میں جذب ہورہا تھا۔ مرمت کا کام عنقریب شروع کیا جائے گا۔
ہماری ٹیم نے منڈیر کا سروے مکمل کرلیا ہے۔ اے ایس آئی لکھنو نے مرمت پر کتنی رقم خرچ ہوگی اس کا تخمینہ حکام ِ بالا کی منظوری کے لئے بھیج دیا ہے۔ ضلع نظم ونسق کے عہدیدار نے کہا کہ رومی دروازہ کی مرمت شروع کرنے کی تجویز محکمہ آثار قدیمہ جیسے ہی ہمیں بھیج دے گا ہم فوری حرکت میں آجائیں گے۔
آئی آئی ٹی۔ کے نے پہلے ہی رومی دروازہ کو شہر لکھنو کی انتہائی مخدوش عمارت قراردیا ہے۔ رومی دروازہ اودھ کے نواب‘ نواب آصف الدولہ نے 1784 میں تعمیر کرایا تھا۔