ریاست‘ مچھلیوں کی برآمدات کیلئے تیار
ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے کہاکہ ریاست تلنگانہ مچھلیوں کی برآمدکرتے ہوئے دولت کمانے کے موقف میں آگئی ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے کہاکہ ریاست تلنگانہ مچھلیوں کی برآمدکرتے ہوئے دولت کمانے کے موقف میں آگئی ہے۔ قبل ازیں تشکیل تلنگانہ سے قبل علاقہ کے عوام کومچھلیاں خریدنے کے لئے آندھراپر انحصار کرناپڑتاتھا۔
ضلع رنگاریڈی میں جل پلی کے پداتالاب میں مچھلیوں کوچھوڑنے کے بعد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ کی زیر قیادت ٹی آرایس حکومت نے مشن کاکتیہ کے تحت ریاست بھر کے تالابوں اور کنٹوں کی تعمیرومرمت کرائی جس کے سبب ان ذخائر آب میں پانی کے ذخیرہ کی گنجائش میں اضافہ ہوا۔
ان تالابوں میں مچھلیوں کی افزائش بڑے پیمانے پر کی گئی جس کی وجہ سے مچھیلوں کا کاروبار منفعت بخش ہوگیا۔اس پیشہ سے وابستہ افراد کی آمدنی میں اضافہ ہواہے۔
انہوں نے کہاکہ منصوبہ کے مطابق اس سال ریاست کے 26,778 ذخائر آب میں 88 کروڑفش سیڈس چھوڑے جائیں گے جس پر 68 کروڑ روپے کا خرچ آئے گا۔