تلنگانہ

ریاست میں یوم تلنگانہ قومی یکجہتی کی سہ روزہ تقاریب کا آغاز

تلنگانہ قومی یکجہتی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کا جمعہ کے روز ریاست بھر میں آغاز ہوا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ان سہ روزہ تقاریب کے اہتمام کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کے گئے ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ قومی یکجہتی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کا جمعہ کے روز ریاست بھر میں آغاز ہوا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ان سہ روزہ تقاریب کے اہتمام کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کے گئے ہیں۔

تقاریب کے پہلے دن ریاست کے ہر ایک اسمبلی حلقہ میں آج ریالیاں نکالی گئیں جہاں ہر ریالی میں 15ہزار کے قریب افراد شریک تھے۔ شرکائے ریالی اپنے ہاتھوں میں پرچم تھامے ہوئے تھے اور وہ، تلنگانہ کی قومی یکجہتی کو فروغ دے رہے تھے۔ ان ریالیوں میں طلبہ، نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی۔

تقاریب کے حصہ کے طور پر ریاستی وزیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو، وزیرداخلہ محمد محمود علی، سکریٹری سومیش کمار نے سکندرآباد کی ریالی میں شرکت کی تھی۔ یہ ریالی پیرا ڈائز سرکل سے مجسمہ ایم جی روڈ تک نکالی گئی۔ ٹی سرینواس یادو، محمود علی اور سومیش کمار کو ترنگا ریالی میں چلتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ1948 میں آج کی تاریخ کو تلنگانہ،آمریت سے جمہوریت کا حصہ بن گیا۔

ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین میں انضمام کے آج75 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ بعدازاں انہوں نے امیر پیٹ میں کنکا درگا مندر سے بلکم پیٹ کی یلماں مندر تک نکالی گئی ریالی میں شرکت کی۔ پی ٹی آئی کے مطابق یوم تلنگانہ قومی یکجہتی کی سہ روزہ تقاریب کے حصہ کے طور پر جمعہ کے روز ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ مستقر پر ریالیاں نکالی گئی۔ جس میں طلبہ، نوجوانوں اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ریاستی وزراء اور دیگر قائدین ترنگا ہاتھوں میں لئے ان ریالیوں اور عوامی جلوسوں میں شریک تھے۔17 ستمبر1948کو ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین میں انضمام کے 75 سال کی تکمیل پر حکومت تلنگانہ نے اس سال تلنگانہ قومی یکجہتی تقاریب کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔

تقاریب کے دوسرے روز17 ستمبر کو شہر کے باغ عامہ میں چیف منسٹر کے سی آر ترنگا لہرائیں گے اور سلامی دیں گے جبکہ ریاستی وزراء، ضلع مستقر پر ترنگالہرائیں گے۔1ستمبر کو کلچرل پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ اور مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا جائے گا۔