شمالی بھارت

مغربی بنگال میں دھماکو اشیاء کے 2 سپلائر گرفتار

نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) نے مغربی بنگال میں دھماکو اشیاء اور ڈیٹونیٹرس کے 2 مبینہ سپلائرس کو گرفتار کیا ہے۔ ایک عہدیدار نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔

نئی دہلی: نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی(این آئی اے) نے مغربی بنگال میں دھماکو اشیاء اور ڈیٹونیٹرس کے 2 مبینہ سپلائرس کو گرفتار کیا ہے۔ ایک عہدیدار نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔

بوکارو کے معراج الدین علی خان اور بیربھوم کے میر محمد نورالزماں کو جمعہ کے دن دھاوؤں کے دوران رانی گنج اور کولکتہ سے گرفتار کیا گیا۔

وفاقی ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ برس درج کیس کی تحقیقات کے سلسلہ میں چھاپے مارے گئے تھے۔ جون 2022 میں کولکتہ ایس ٹی ایف(اسپیشل ٹاسک فورس) نے ایک ایس یووی کو روکا تھا جس میں تقریباً 81ہزار الکٹرک ڈیٹونیٹرس لے جائے جارہے تھے۔

گاڑی کے ڈرائیور آشیش کیوڑا کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ اس سے پوچھ تاچھ کے نتیجہ میں غیرقانونی ذخیرکردہ دھماکو اشیاء بشمول 27 ہزار کیلوگرام امونیم نائٹریٹ‘ 1625 گرام جلیٹن چھڑیاں اور مزید 2325 الکٹرک ڈیٹونیٹرس برآمد ہوئی تھیں۔

ابتدا میں یہ کیس بیربھوم کے محمدبازار پولیس اسٹیشن میں درج ہوا تھا جسے گزشتہ برس ستمبر میں این آئی اے کو منتقل کردیا گیا تھا۔