حیدرآباد

ریونت ریڈی کو بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا انتباہ

شہر کے بی جے پی رکن اسمبلی حلقہ گوشہ محل راجہ سنگھ نے صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی کو انتباہ دیا اور کہاکہ ریڈی کو گرگٹ کی طرح رنگ نہیں بدلنا چاہئے۔

حیدرآباد: شہر کے بی جے پی رکن اسمبلی حلقہ گوشہ محل راجہ سنگھ نے صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی کو انتباہ دیا اور کہاکہ ریڈی کو گرگٹ کی طرح رنگ نہیں بدلنا چاہئے۔

علاوہ ازیں ریونت ریڈی کو کومٹ ریڈی راجگوپال پر تنقید سے باز آجانا چاہئے۔ راجگوپال ریڈی نے منگل کے روز کانگریس اور حلقہ اسمبلی منگوڈ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہاکہ ریونت ریڈی کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ بی جے پی کی تائید سے ہی علٰحدہ تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا ہے جبکہ اس وقت ریونت ریڈی‘ ٹی ڈی پی میں موجود تھے۔

ریونت ریڈی تب سونیا گاندھی کو بلی کا دیوتا قرار دیتے تھے اور اب کانگریس میں شامل ہونے کے بعد وہ سونیا کے منہ بولے بیٹے کی طرح بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریونت کو بی جے پی کے خلاف تنقید کا کوئی حق نہیں ہے۔