ملیح آباد کے کلیم اللہ خان کا نیا ’راج ناتھ آم‘
مینگو میان آف انڈیا کہلانے والے کلیم اللہ خان نے آم کی نئی قسم ڈیولپ کی ہے جسے انہوں نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا نام دیا ہے۔ ملیح آباد کی اپنی امرائی میں اپنی مخصوص گرافٹنگ ٹیکنیک کے ذریعہ انہوں نے آم کی نئی قسم وجود میں لائی جسے انہوں نے ”راج ناتھ آم“ کا نام دیا ہے۔

لکھنو: (پی ٹی آئی) مینگو میان آف انڈیا کہلانے والے کلیم اللہ خان نے آم کی نئی قسم ڈیولپ کی ہے جسے انہوں نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا نام دیا ہے۔ ملیح آباد کی اپنی امرائی میں اپنی مخصوص گرافٹنگ ٹیکنیک کے ذریعہ انہوں نے آم کی نئی قسم وجود میں لائی جسے انہوں نے ”راج ناتھ آم“ کا نام دیا ہے۔
وہ سابق میں آم کی اقسام کو کئی ممتاز ہندوستانی شخصیتوں بشمول سچن ٹنڈولکر‘ ایشوریہ رائے‘ اکھلیش یادو‘ سونیا گاندھی‘ نریندر مودی اور امیت شاہ کا نام دے چکے ہیں۔ انہیں پدم شری ایوارڈ مل چکا ہے۔
لکھنو کے ملیح آباد ریجن کے تعلق سے جو دنیا بھر میں اپنے آموں کے لئے جانا جاتا ہے‘ کلیم اللہ خان نے کہا کہ 1919 میں اس علاقہ میں آم کی 1300 اقسام تھیں لیکن گزرتے وقت کے ساتھ کئی اقسام مارکٹ سے غائب ہوگئیں۔
میں ان کی بقاء کے لئے کام کررہا ہوں۔ آج میں نے 300 سے زائد اقسام ڈیولپ کی ہیں۔ کلیم اللہ خان کو بچپن سے آموں کی کراس بریڈنگ کا تجربہ ہے۔ انہوں نے صرف 7 ویں جماعت تک پڑھائی کی۔
ان کا کہنا ہے کہ انہیں اسکولی تعلیم میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ ان کا دل امرائی میں اٹکا رہتا تھا۔ 80 سال کی عمر میں بھی وہ خود کو توانا محسوس کرتے ہیں حالانکہ ان کی ہارٹ سرجری ہوچکی ہے اور صحت کے دیگر مسائل بھی انہیں لاحق ہیں۔