دہلی

سوڈان سے آنے والے ہندوستانیوں کیلئے ہیلپ ڈیسک

سوڈان سے لائے جانے والے ہندوستانیوں کو ملک پہنچنے کے بعد مفت سفر اور قیام جیسی سہولتیں دینے مختلف ریاستوں نے ہیلپ ڈیسک کھولے ہیں۔

نئی دہلی: سوڈان سے لائے جانے والے ہندوستانیوں کو ملک پہنچنے کے بعد مفت سفر اور قیام جیسی سہولتیں دینے مختلف ریاستوں نے ہیلپ ڈیسک کھولے ہیں۔

متعلقہ خبریں
سوڈان میں وبا کی نئی لہر سے 300 افراد جاں بحق

حکومت ِ کیرالا نے کہا کہ وہ سوڈان سے لائے جانے والے ملیالیوں کے لئے ضروری انتظامات کرے گی۔ حکومت ِ اترپردیش نے چہارشنبہ کے دن دہلی میں ریسیڈنٹ کمشنر کے دفتر میں ہیلپ ڈیسک کھولی۔

حکومت ِ راجستھان نے دہلی پہنچنے کے بعد ریاست کے تمام مائیگرنٹس کے ٹرانسپورٹ اخراجات برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت ان کے قیام و طعام کے انتظامات بھی کرے گی۔

حکومت ِ مدھیہ پردیش نے ہیلپ لائن شروع کی ہے۔ پیر کے دن شروع آپریشن کاویری کے تحت ہندوستان نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں ٹرانزٹ کا انتظام کیا ہے۔ سوڈان سے ہندوستانیوں کو پہلے جدہ بھیجا جارہا ہے۔

سوڈان پورٹ سے بحریہ کا جہاز 278 ہندوستانیوں کو جدہ لے گیا جہاں سے ہندوستانی فضائیہ کے 2 فوجی ٹرانسپورٹ طیارے انہیں ہندوستان لے آئے۔

سوڈان سے تاحال تقریباً 530 ہندوستانیوں کا انخلاء عمل میں آیا ہے۔ ہندوستان نے جدہ میں کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ مملکتی وزیر خارجہ وی مرلیدھرن آپریشن کاویری کی نگرانی کے لئے جدہ پہنچ گئے ہیں۔

ہندوستان نے اپنے شہریوں کو نکالنے کی کوششیں تیز کردی ہیں کیونکہ سوڈان میں 72 گھنٹوں کی لڑائی بندی جاری ہے۔